21 جنوری ، 2014
کیو… یوکرین میں حکومت مخالف مظاہرین اور سیکیورٹی فورسزمیں جھڑپیں جاری ہیں، یوکرین کے صدر کا کہنا ہے کہ وہ ملک کو بچانے کیلئے بات چیت اور مفاہمت کو ترجیح دیتے ہیں، انھوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ فسادات کا حصہ نہ بنیں۔ یوکرین میں جاری فسادات پر پہلی بار سرکاری ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے یوکرین کے صدروکٹریانکووچ نے خبردار کیا کہ مظاہرین کی جانب سے حکومت اورفورسزکیخلاف پْر تشدد واقعات سنگین جرم ہے۔انھوں نے کہا کہ اپنے ملک کو بچانے کے لیے وہ مذاکرات اور مفاہمت کو ترجیح دیتے ہیں اورعوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ فسادات کا حصہ نہ بنیں، فسادات سے ملک اور سوسائٹی تقسیم ہو رہی ہے۔کیو میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ کی سخت سردی کے باوجود مظاہرین اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روزجھڑپوں میں کئی افرادزخمی ہوئے تھے جبکہ مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کوآگ لگادی تھی۔یوکرین اپوزیشن کا حکومت سے مطالبہ ہے کہ روس کے ساتھ تعلقات محدود کرکے یورپی یونین سے تعلقات بڑھائے جائیں۔