25 جنوری ، 2014
دبئی… انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں مجوزہ انتظامی تبدیلی کے معاملہ پر پاکستان کو گھیرنے کیلئے انگلینڈ اور بھارت نے دانے ڈالنا شروع کردیئے ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے بعد بنگلہ دیش نے بھی "بگ تھری" کی حمایت کرنے کا خودکش فیصلہ کرلیا ہے۔بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ ان دنوں انٹرنیشنل کرکٹ پر اپنی حکمرانی مسلط کررہے ہیں لیکن ان کا یہ خواب شاید پاکستا ن کے ساتھ کے بغیر تعبیر نہ پاسکے۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، اچانک ہی بھارت اور آسٹریلیا کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ پہلے بی سی سی آئی کے صدر سری نواسن نے چیئرمین پی سی بی کو فون کھڑکایا تو انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک نے بھی ذکاء اشرف سے رابطہ کرنے پر خود کو نہ روک سکے،،پاکستان کو پہلے سیریز کا لالی پاپ دینے والے بھارتی کرکٹ بورڈ نے یہ پیشکش بھی کردی کہ مین ان بلوز ، گرین شرٹس سے کسی بھی مقام پر کھیلنے کو تیار ہیں۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی پیغام بھیجا ہے کہ 28 جنوری کو ملئے ، دو طرفہ سیریز کی کچھ باتیں کرلیں۔یہ سب اچانک شاید اسلئے ہورہا ہے کہ یہ دونوں کرکٹ بورڈز، آئی سی سی کے اجلاس میں ورکنگ گروپ کے پوزیشن پیپر پر پاکستان کا ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ایک جانب بھارت اور انگلینڈ پاکستان کو سیٹ کرنے کی کوششوں میں لگے ہیں، تو دوسری جانب بنگلہ دیش نے بگ تھری کی سپورٹ کا خود کش فیصلہ کرلیا ہے۔اگر یہ ڈرافٹ ہو بہو نافذ ہوگیا تو پھر بنگلہ دیش رینکنگ میں ٹاپ 8 میں نہ ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ سے باہر ہوجائے گا۔۔ لیکن اسے دیگر مالی فائدے ضرور ہوں گے۔