25 جنوری ، 2014
کراچی…کراچی کے علاقے سائٹ میں رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے ارکان سمیت 22 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا ہے۔ترجمان رینجرز کے مطابق سائٹ کے علاقے میٹرول میں رینجرز نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا۔ اس دوران علاقے میں کسی بھی شخص کو آنے اور جانے کی اجازت نہیں تھی۔ ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 22 ملزمان کو گرفتار کرکے 55 مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈئیر حامد کا کہنا تھاکہ میٹروول سائٹ میں ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی ہے اور کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے ملزمان میں سے 6 کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے جس علاقے میں بھی جرائم پیشہ افرادہوں گے وہاں کارروائی کریں گے۔ کورنگی سمیت دیگرعلاقوں میں گزشتہ روزملزمان گرفتارکیے گئے جو پولیس اہل کاروں کو قتل کرنے سمیت دیگرجرائم میں ملوث ہیں۔ بریگیڈیئرحامد کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے حملوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور روشنیوں کے شہر کی روشنیاں واپس لائیں گے۔