27 جنوری ، 2014
اسلام آباد…تحریک انصاف کے کارکنوں نے خوشاب کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا،عمران خان کا کہنا ہے کہ پوری قوم الیکشن کمیشن سے انصاف چاہ رہی ہے،11مئی کو تاریخی دھاندلی ہوئی تھی ، اب ضمنی الیکشن کے دوران خوشاب میں بھی کی گئی ، سپریم کورٹ جائیں گے۔ خوشاب میں ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنوں نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ این اے 69 خوشاب کے ضمنی الیکشن میں ریٹرننگ افسر اور نہ ہی کسی امیدوار نے ایک گھنٹہ بڑھانے کا کہا مگر پولنگ کا وقت بڑھا کر دھاندلی کی گئی ، تحریک انصاف اس کے خلاف سپریم کورٹ جائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں یہ کیسی جمہوریت ہے، نادرا کے سربراہ کو بھی غلط نکالا گیا ، جب تک صاف شفاف الیکشن نہیں ہوں گے جدوجہد جاری رکھیں گے۔