30 جنوری ، 2014
کراچی…مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہو نے والے ایم ڈبلیو ایم کے ہمدرد مولانا اکبر حسین کے قتل کی پرزور مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں بے گناہ شیعہ سنی عوام کے قتل میں مغربی اور دوست ملکوں کا سرمایہ استعمال ہو رہا ہے۔ پاکستان کے دیرینہ دوست ملک کے خلاف ہرزہ سرائی کر نے والے ایس پی سی آئی ڈی راجہ عمر خطاب عوام کو جواب دیں کہ مولانا اکبر حسین کے قتل میں کس ملک کا سفارت خانہ ملوث ہے۔سندھ حکومت شہر قائد میں دہشتگردوں کی جانب سے برادر اسلامی ملک ایران کے خلاف آویزاں بینرز کے خلاف فوری کاروائی کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کوایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن سیاسی اختلافات کی بھینٹ چڑھ گیا ہے، پولیس و رینجرز نے محض ڈرامائی گرفتاریاں کیں ، سینکڑوں ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری کے دعوے دار پولیس و رینجرز حکام کسی ایک مجرم کو بھی سزا دلوانے میں کامیاب نہیں ہو ئے ،سی آئی ڈی نے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے اور یکطرفہ دہشت گردی کو فرقہ واریت کا لبادہ اڑھانے کی مذموم سازش شروع کر دی ہے۔ دریں اثنا شہید مولانا اکبر حسین کی نماز جنازہ شام 4 بجے مرکزی امام بارگاہ میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان شورا عالی کی چیئرمین مولانا آغا شیخ حسن صلاح الدین کی زیر اقتدا ادا کی گئی اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے دیگر رہنما اور علما کرام موجود تھے جبکہ تدفین ملیر غازی ٹاون کے قبرستان میں کی گئی ۔