01 فروری ، 2014
لندن…برطانیہ کے کئی علاقے ایک بارپھر طوفان اور سیلاب کی زد میں آنے کو ہیں۔ ساحلی علاقوں اور انگلینڈ بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ جمعہ سے اتوار تک شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے برطانیہ کے ساحلی علاقوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ سیلاب کاخطرہ ظاہرکیاہے۔کارن وال کے جنوب اور مغرب میں رہائش پذیرافراد کواس حوالے سے خصوصی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ ساؤتھ ویسٹ لندن میں بھی طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش کاامکان ہے اور پہلے سے بارش کا پانی موجود ہونے کے سبب بعض علاقوں میں سیلاب بھی آسکتاہے۔ساحلی علاقوں کے افرادکوحکام نے ہدایت کی ہے کہ وہ بارش اورسیلابی پانی میں سفر سے گریز کریں۔ برسٹل میں دریائے Avon میں طغیانی کے سبب سیلابی ریلے سے آبادی متاثرہوسکتی ہے اور اس صورت میں نظام مواصلات پربھی اثرپڑیگا۔سمرسیٹ کے علاقے میں فوج کو تیاررہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ڈیون، ڈورسیٹ اورساؤتھ گلاسٹرشائر کے علاقے بھی رسک پر ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے فروری کے آغاز پر 136 فلڈوارننگ اور 266 فلڈالرٹس جاری کیے گئے ہیں اور خدشہ ظاہرکیاگیاہے کہ بعض مقامات پر جانی نقصان بھی ہوسکتاہے۔جنوری میں جس قدر بارش ہوئی ہے یہ برطانیہ میں 100 برس میں ایسا پہلا موقع تھا اور فروری کے آخر تک جتنی بارش ہوگی یہ برطانیہ کی تاریخ میں موسم سرما کی سب سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔