پاکستان
02 فروری ، 2014

طالبان سے مذاکرات : جے یو آئی ف کی مجلس عاملہ کا اجلاس کل طلب

طالبان سے مذاکرات : جے یو آئی ف کی مجلس عاملہ کا اجلاس کل طلب

فیصل آباد… جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارٹی کی مجلس عاملہ کا اجلاس کل طلب کرلیا۔ ان کا کہنا ہے کہ طالبان کی اپنی ایک شناخت ہے، جانے کیوں انہوں نے کمیٹی کے لیے باہر سے بندے لیے،اس پر بات کریں گے۔ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات سے متعلق اپنی پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں مذاکرات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، وزیر اعظم سے بھی بات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کی جانب سے دیے گئے ناموں پربھی غورکریں گے، قبائلی جرگے پرطالبان اورعوام کو اعتماد ہے، اسے نظرانداز کیوں کیا جارہا ہے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ طالبان کی کمیٹی کے ناموں پرپارٹی کے اندربحث کرنا چاہتے ہیں،تحریک طالبان کی اپنی ایک شناخت ہے مگرنام باہرسے لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی سے پہلے زبان بندی بھی ہونی چاہیے،کیاطالبان اپنی تنظیم سے باہرسے بھی نام لے سکتے ہیں، غورکی ضرورت ہے۔ جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا کہ قبائلی جرگے کو کیوں نظر انداز کیا جارہا ہے، طے شدہ امور سے ہٹ کر عوام کو سرپرائز دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کو امن کی ضرورت ہے،جنگ ہماری نہیں، امریکا اور مغرب کی ضرورت ہے،سویت یونین کے بعد پوری دنیا پربالادستی قائم کرنا امریکا کا منصوبہ ہے۔

مزید خبریں :