02 فروری ، 2014
لندن…بی بی سی کے پروگرام نیوزنائٹ میں ایم کیوایم کے بارے میں متنازعہ اورمنفی رپورٹ نشرکرنے کے خلاف ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام اتوارکو سینٹرل لندن میں واقع بی بی سی کے دفترکے سامنے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔احتجاجی مظاہرے میں لندن، برمنگھم ، مانچسٹر، بریڈفورڈ، شیفیلڈاوردیگرشہروں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم یوکے کارکنوں،شعبہ خواتین کی ارکان اور ہمدردپاکستانیوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی ۔ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان طارق جاوید، محمدانور، محمداشفاق، سینیٹر بابرغوری، مصطفےٰ عزیزآبادی، یوکے کے آرگنائزرڈاکٹرسلیم دانش اوردیگرعہدیداران بھی مظاہرے میں موجود تھے۔ ایم کیوایم کے شہیدکنوینرڈاکٹرعمران فاروق شہیدکی بیوہ شمائلہ عمران نے بھی اپنے بچوں کے ہمراہ اس احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔سخت سردی کے باوجود مظاہرے میں نوجوانوں اوربزرگوں کے ساتھ ساتھ خواتین اورمعصوم بچے اوربچیاں بھی شریک تھیں۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایم کیوایم ،پاکستان اوربرطانیہ کے پرچم اور الطا ف حسین کے پورٹریٹ اٹھارکھے تھے۔ مظاہرین نے مختلف پلے کارڈزبھی اٹھا رکھے تھے جن پر بی بی سی پر نشرہونے والی رپورٹ پرمختلف مذمتی کلمات کے ساتھ ساتھ الطا ف حسین سے اظہاریکجہتی کیلئے بھی مختلف کلمات درج تھے۔احتجاجی مظاہرہ سیاحوں اور راہگیروں کی توجہ کامرکزبنارہا۔اس موقع پرایم کیوایم یوکے کے کارکنوں نے مظاہرے کے بارے میں ہینڈبل بھی تقسیم کئے ۔ بی بی سی کی انتظامیہ کے نمائندوں نے بھی ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات کرکے ان سے ایم کیوایم کے تحفظات کے بارے میں دریافت کیا جس پر اراکین رابطہ کمیٹی نے انہیں بی بی سی کی متنازعہ رپورٹ کے بارے میں اپنی شکایات سے آگاہ کیا۔اختتام پر رابطہ کمیٹی کے ارکان اوریوکے عہدیداروں نے بی بی سی براڈ کاسٹنگ کے ہیڈآفس میں جاکرایک احتجاجی یاد داشت بھی پیش کی۔ دریں اثناء رابطہ کمیٹی کے ارکان طارق جاوید ، محمدانور، محمداشفاق، سینیٹر بابرغوری، مصطفےٰ عزیزآبادی اورڈاکٹرسلیم دانش نے لندن میں بی بی سی کی عمارت کے سامنے کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے کے موقع پر مختلف ٹی وی چینلزکو دیے گئے انٹرویوزاورگفتگو میں کہا کہ ایم کیو ایم آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، بی بی سی کے پروگرام نیوزنائٹ میں ایم کیوایم کے بارے میں نشرہونے والی رپورٹ سراسرمنفی، جانبدارانہ اوربدنیتی پر مبنی ہے۔ ایم کیوایم کامیڈیاٹرائل کیاگیا، اورقائد تحریک الطاف حسین کی کردارکشیکے ساتھ ایم کیوایم کی ساکھ کونقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے ۔اس سے الطاف حسین کے کارکنان اورچاہنے والوں کے جذبات کوبہت ٹھیس پہنچی ہے ، ان میں بہت بے چینی پائی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ آج کراچی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں اوربرطانیہ سمیت مختلف ممالک میں احتجاجی مظاہرے کئے جارہے ہیں۔