03 فروری ، 2014
کراچی…محمد رفیق مانگٹ…متحدہ عرب امارات میں پاکستانی اب 10 سالہ میعاد کے حامل پاسپورٹ حاصل کر سکیں گے،اس سے پہلے پاکستانی سفارت خانہ اور متحدہ عرب امارات میں قونصل خانہ کی طرف سے پانچ سال کی مدت کیلئے پاسپورٹ جاری کیے جاتے تھے۔ خلیجی اخبار”گلف نیوز“ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اب دس سال میعاد کیلئے پاسپورٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ ایک سینئر سفارت کار کا کہنا ہے کہ پانچ سال کی مدت کے پاسپورٹ کے مقابلے میں 80فی صد زیادہ لاگت سے دس سال کی مدت کیلئے پاسپورٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل جاوید خٹک کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے 10 سالہ مدت کا پاسپورٹ جاری کرنے کا مقصد اپنے لوگوں کو سہولت فراہم کرناہے۔انہوں نے کہا کہ اب درخواست گزاروں کو 10 سال تک قونصل خانے کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔دس سالہ مدت کے پاسپورٹ کے صفحات کی تعداد 100ہوگی۔اس سے سفر آسان ہوجائے گا۔دس سال میعاد کے 36صفحات کے حامل پاسپورٹ کے اخراجات 272درہم جب کہ اتنے ہی صفحات کے پانچ سالہ میعاد کے پاسپورٹ کے اخراجات151درہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تمام اقسام کے پاسپورٹ کی فیس پر نظر ثانی کی گئی ہے۔عام یا ارجنٹ یا سو صفحات کے پاسپورٹ کے اخراجات موجودہ پاسپورٹ کے مقابلے میں80فی صد زیادہ ہوں گے۔دس سالہ میعاد کا پاسپورٹ پہلی بار ہی جاری نہیں کیا گیا،اس سے پہلے بھی تھا لیکن چند ماہ کیلئے بند کردیا گیا۔