پاکستان
04 فروری ، 2014

کراچی:ریلوے ٹریک دھماکا، بچی جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی:ریلوے ٹریک دھماکا، بچی جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی…کراچی میں لانڈھی اسٹیشن سے آگے گھگھر پھاٹک اور دھابیجی کے درمیان واقع ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا ہے جس کے باعث شالیمار ایکسپریس کی 6تا 7بوگیاں الٹ گئیں، جن میں سے دو بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ واقعے میں ایک بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ متعدد مسافر زخمی ہوئے ہیں۔ اندھیرے کے باعث مسافروں کو نکالنے میں دشواری کا سامنا ہے۔ دھمکاکے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالنے میں مدد کی۔ ریسکیو ٹیمیں اور پولیس جائے حادثہ پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ دھماکے کے بعد ریلوے اسٹیشنز پر ٹرینوں کو روک لیا گیا ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق حادثہ کراچی سے 7 کلومیٹر دور پیش آیا ہے، دھماکا کراچی سے اندرون ملک جانے والے ٹریک پر ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 6 یا 7 بوگیاں الٹی ہیں جس سے ایک بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ کئی مسافر زخمی ہوئے ہیں۔زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ڈی ایس ریلوے مقصودالنبی نے بتایا کہ وہ جائے حادثہ پہنچنے والے ہیں اور اس وقت راستے میں ہیں لہٰذا فوری طور پر زخمیوں کی تعداد نہیں بتا سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے سے انجن سمیت کئی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، 2 ریلیف ٹرینیں کراچی اور کوٹری سے روانہ کردی گئی ہیں۔

مزید خبریں :