پاکستان
21 جنوری ، 2012

عظمیٰ ایوب کیس: عدالتی کمیٹی نے بچی سے متعلق رپورٹ تیار کرلی

عظمیٰ ایوب کیس: عدالتی کمیٹی نے بچی سے متعلق رپورٹ تیار کرلی

پشاور … چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر قائم کمیٹی نے عظمیٰ ایوب کی بچی سے متعلق رپورٹ تیار کرلی، جبکہ پشاور ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت جاری ہے۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس دوست محمد خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عظمیٰ ایوب کو ان کی رہائش گاہ سے کچھ فاصلے پر واقع لیڈی ریڈنگ اسپتال کی بجائے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کیوں لایا گیا اور پیدائش کے وقت بچے کو والدین کے حوالے کرنے کے قانون پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کے حکم پر قائم کمیٹی نے عظمیٰ ایوب کی نومولود بچی کی پراسرار گمشدگی سے متعلق رپورٹ تیار کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق رپوٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ سی سی پی او کو طلب کرکے عظمیٰ ایوب کی بچی کی حوالگی سے متعلق پوچھا جائے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سی سی پی او سے یہ بھی پوچھا جائے کہ پولیس کی موجودگی کے باوجود بچی کو ویمن کمیشن کے حوالے کیوں کیا گیا۔ دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ میں عظمیٰ ایوب کیس کی سماعت چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس وقار احمد سیٹھ کررہے ہیں۔ چیف جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ عظمیٰ ایوب کیس اہم اور حساس معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونے چاہئیں تاکہ نومولود بچوں کی گمشدگیوں کا معاملہ رک سکے۔

مزید خبریں :