08 فروری ، 2014
کراچی…محمد رفیق مانگٹ…برطانوی دفاعی جریدے اور چینی میڈیا کے مطابق رواں سال پاکستان چین سے چھ آبدوزیں خریدنے کے معاہدے پر دستخط کرسکتا ہے۔پاکستان اور چین کے درمیان چھ ایس 20ٹائپ آبدوزوں کی تکنیکی تفصیلات طے پا چکی ہیں صرف مالی پہلو کا حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے،معاہدہ حتمی اسٹیج پر ہے۔ 2009میں پاک بحریہ نے تین جرمن ساختہ ٹائپ214 آبدوز خریدنے کی کوشش کی مگر لاگت کی وجہ سے سودا طے نہ پاسکاکیونکہ اس وقت ان کی لاگت2ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی۔چینی میڈیا Want China Timesکے مطابق ایک سینئر پاکستانی عہدیدار نے حال ہی میں برطانیہ کے دفاعی جریدے کو بتایاکہ پاکستان کا چین سے S20 آبدوزیں حاصل کرنے کا امکان ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ معاہد ہ جلد ہی مکمل ہو جائے گا اورر واں سال کے آخر تک دونوں ممالک آٓبدوزوں کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کردیں گے۔چینی ویب سائیٹ سینا نے بھی پاکستانی حکام کے حوالے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسلام آباد اور بیجنگ کے درمیان آبدوزوں کی فروخت کی تفصیلات طے پا چکی ہیں اور صرف ادائیگی کے معاملے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔پاکستانی حکام کے مطابق S20 ڈیزل الیکٹرک آبدوز، پیپلز لبریشن آرمی کی یوآن کلاس آبدوز کا اپ گریڈ ماڈل ہے،امکان ہے کہ پاکستان اسی ماڈل کو خریدے گاکیونکہ چین نے عالمی مارکیٹ میں اسی ماڈل کو فروغ دیا ہے۔ایس20آبدوز بنیادی طور پر ٹائپ 039 آبدوزکی جدید شکل ہے جسے نیٹو ممالک یو آن کلاس کہتے ہیں۔اس آب دوز کی لمبائی 66میٹر،بیم8میٹر اورڈرافٹ 8.2میٹر ہے۔آب دوز کی مکانی سطح 1850ٹن،اور زیر آب 2300ٹن ہے اس کی حد رفتار18ناٹ ہے، یہ16ناٹ میں 8ہزار ناٹیکل میل طے کرسکتی ہے۔اور عملے کے 38 ارکان کے ہمراہ 60دن سفر کرسکتی ہے۔ ڈبل ہل ساخت کی یہ آبدوز300میٹر زیر آب جا سکتی ہے۔برطانوی جریدے Jane's Defence Weekly کے مطابق مارچ 2011میں پاکستانی و زیر نے انکشاف کیا تھا کہ چین نے پاکستان کو چھ آبدوزیں فروخت کرنے کی پیش کش کی تھی،لیکن اسکی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مغربی حکام پاک چین آبدوز معاہدے کا بہت قریب سے جائزہ لے رہے ہیں، ان کے خیال میں جوہری ہتھیاروں سے لیس آبدوزوں کا معاہدہ بھی طے پا سکتا ہے۔تاہم مغربی حکام سمجھتے ہیں کہ چین پاکستان کو جوہری ٹیکنالوجی فراہم کرنے میں لیت و لعل سے کام لے گا۔رپورٹ کے مطابق ڈیزل الیکٹرک آبدوز فروخت سے پاک چین تعلقات کی مضبوطی اور فوجی سازوسامان اور ہتھیاروں کی فراہمی میں چین کا کردار مستحکم نظر آتا ہے۔ آبدوزوں کے حصول سے پاکستان بحریہ کی جنگی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان کے پاس فرانس سے حاصل کی گئی پانچ آبدوزیں ہیں۔تین آگسٹا90بی 1990میں اوردو آگسٹاا70کلاس آبدوزیں1970میں خریدی گئی تھیں۔