11 فروری ، 2014
اسلام آباد…وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ کراچی پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شہ رگ ہے اوران کی حکومت کراچی،سندھ اورپاکستان کی ترقی کیلئے ایم کیوایم کو ساتھ لیکرچلنے کی خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے یہ بات ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن اورسینیٹ میں پارلیمانی لیڈربابرخان غوری سے منگل کی شب فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ سینیٹربابرغوری نے گفتگومیں وزیراعظم کوسندھ کے شہری علاقوں خصوصاً کراچی میں پولیس اورقانون نافذ کرنے والے دیگراداروں کے اہلکاروں کی زیادتیوں ، کارکنوں پر حراست میں کئے جانے والے وحشیانہ اورغیرانسانی تشدداورماورائے عدالت قتل کے واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے وزیراعظم کوایم کیوایم کے 45کارکنوں کی گرفتاری کے بعدگمشدگی سے بھی آگاہ کیا اوران سے اپیل کی کہ وہ ان معاملات کافوری نوٹس لیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ انہوں نے ایم کیوایم کی شکایات کانوٹس لے لیاہے اور وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کو فوری طورپر کراچی پہنچنے کی ہدایت کی ہے ۔ سینیٹربابرغوری کی جانب سے دورہ کراچی کی درخواست پر وزیراعظم نے بتایاکہ وہ ترکی کے دورے پرروانہ ہورہے ہیں تاہم معاملات کاجائزہ لینے کے لئے بھی خودبھی جلد ہی کراچی کادورہ کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت، ایم کیوایم کو ساتھ لے کرچلناچاہتی ہے اورخصوصاًکراچی میں وسیع پیمانے پر ترقیاتی کاموں کے لئے ایم کیوایم کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہے جن میں ماس ٹرانزٹ سسٹم سمیت دیگربڑے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف نے گفتگوکے دوران ایم کیوایم کے قائدالطا ف حسین کے لئے نیک خواہشات کابھی اظہارکیا۔