12 فروری ، 2014
لندن ……متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صد ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ، ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ظہیرالاسلام،فاقی وزیرداخلہ چوہدری نثاراوروزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاہے کہ پولیس ،قانون نافذ کرنے والے اداروں اورمختلف سرکاری ایجنسیوں کے ہاتھوں گرفتارہونے والے ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوں کو فی الفوربازیاب کرایاجائے ۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ کراچی میں جاری آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے سینکڑوں کارکنوں اور عہدیداروں کوگرفتارکیاجاچکاہے۔گرفتارشدگان کوقانون کے تحت عدالتوں میں پیش کرنے کے بجائے سرکاری عقوبت خانوں میں ان پروحشیانہ تشددکیاجارہاہے۔ الطا ف حسین نے کہاکہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران گرفتارکئے گئے ایم کیوایم کے سینکڑوں عہدیداروں اورکارکنوں میں سے 45عہدیداراورکارکنان تاحال لاپتہ ہیں جن میں سے پی آئی بی سیکٹر کے تین سیکٹرممبران محمدنعیم احمد، عارف نظامی اورمحمدعلی شامل ہیں جنہیں 7 اکتوبر2013ء کوجیل روڈکے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا جن میں سے ایک سیکٹرممبرمحمدعلی کی والدہ اپنے بیٹے کے لاپتہ ہونے کے صدمہ سے گزشتہ روزانتقال کرگئیں۔ اسی طرح لیاری سیکٹرکے سیکٹرممبر انورعلی کو2اکتوبر2013ء کو گرفتارکیاگیا۔ان ذمہ داروں سمیت ایم کیوایم کے45 کارکنان کئی ماہ سے لاپتہ ہیں ۔لیکن ان گرفتارشدگان کے بارے میں پولیس، رینجرزدیگرقانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکار اور دیگرسرکاری ایجنسیاں کچھ بتانے کیلئے تیارنہیں ہیں، ان کے اہل خانہ شدیدذہنی کرب واذیت میں مبتلاہیں، ان لاپتہ کارکنوں کی بازیابی کیلئے ہائیکورٹ میں پٹیشنز بھی دائر ہیں لیکن ان کے اہل خانہ تاحال انصاف کے منتظرہیں۔انہوں نے کہاکہ اگرکسی فردپرکوئی بھی الزام ہے تواسے گرفتاری کے بعد قانون کے تحت عدالتوں میں پیش کیا جائے ، انہیں حراست میں تشددکرکے ماردینایالاپتہ کردینا انصاف نہیں بلکہ انصاف کاقتل اورسراسرظلم ہے۔ الطاف حسین نے صدر ، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف ، ڈی جی آئی ایس آئی ،فاقی وزیرداخلہ اوروزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنوں کوفی الفوربازیاب کرایاجائے،ان گرفتارشدگان کے بارے میں انکے اہل خانہ کوبتایاجائے،اگران میں سے کسی پرکوئی الزام ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے اورگرفتارشدگان کولاپتہ کرنے کاظالمانہ سلسلہ بندکرایاجائے۔ الطاف حسین نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی سے بھی اپیل کی کہ وہ ان لاپتہ کارکنوں کی بازیابی کیلئے ازخود نوٹس لیں اوران کے اہل خانہ کوانصاف فراہم کریں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں کوگرفتارکرکے لاپتہ کرنے کے سنگین معاملے کانوٹس لیں اورانسانی حقوق کی اس سنگین خلاف ورزی پر صدائے احتجاج بلند کریں۔