12 فروری ، 2014
کراچی…وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ کسی دباوٴ میں آئے بغیر ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آئی جی سندھ کہتے ہیں کہ کراچی پولیس پر 22کروڑ روپے یومیہ بھتہ لینے کا الزام صرف الزام ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کسی دباوٴ میں آئے بغیر ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا۔ وزیر اعلیٰ ہاوٴس میں سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراطلاعات شرجیل میمن، ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی جیل خانہ جات سمیت اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں رینجرز اور پولیس حکام نے ٹارگٹڈ آپریشن کی تفصیلات اور گرفتاریوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی قسم کے دباوٴ میں آئے بغیر ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا۔