پاکستان
13 فروری ، 2014

کراچی: پولیس بس کے قریب دھماکا،11 اہلکار جاں بحق،40 سے زائد زخمی

کراچی: پولیس بس کے قریب دھماکا،11 اہلکار جاں بحق،40 سے زائد زخمی

کراچی …کراچی میں پولیس اہل کاروں سے بھری بس کے قریب دھماکے میں 11 اہل کار جاں بحق اور40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ صبح تقریباً ساڑھے سات بجے کراچی کی نیشنل ہائی پر واقع رزاق آباد ٹریننگ سینٹر سے بس نکلی ، جو پولیس اہل کاروں سے بھری ہوئی تھی، ابھی بس ٹریننگ سینٹر کے قریب تھی کہ خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی، دھماکا اتنا شدید تھا کہ لوہے کی چادر کاغذ کی طرح اکھڑ گئی اور اندر بیٹھے درجنوں اہل کار بری طرح متاثر ہوئے ، قریبی گاڑیاں بھی دھماکے کی زد میں آئیں جبکہ دھماکے میں استعمال کی گئی وین کا مختصر چیسس ہی بچا ہے۔ زخمیوں اور لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، کچھ زخمی اسپتال پہنچ کر یا راستے میں دم توڑ گئے ، بعض کی حالت اب بھی نازک بتائی جاتی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے وقت55 اہلکار سوار تھے جو بلاول ہاوٴس ڈیوٹی کیلئے جارہے تھے۔بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع سے شواہد اکٹھے کررہا ہے جس کے بعد دھماکے کی نوعیت کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہا جاسکے گا۔سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

مزید خبریں :