02 اپریل ، 2012
کراچی… افضل ندیم ڈوگر… سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کراچی کی سی آئی اے پولیس کے 202 اہلکاروں کے عہدوں میں تنزلی کردی گئی ہے جس کے نتیجے پولیس کے متعدد ڈی ایس پی اور انسپکٹر کانسٹبل بن گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں آوٹ آف ٹرن ترقیاں پانے والے کراچی پولیس کے تمام اہلکاروں اور افسران کو ان کے اصل عہدوں پر لانے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ جن پر مرحلہ وار عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ سی آئی اے پولیس کے تین شعبہ جات ایس آئی یو، اینٹی کارلنٹنگ سیل اور اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے 202 اہلکاروں کے عہدوں میں تنزلی کردی گئی ہے۔ جن میں 22 انسپکٹر، 22 سب انسپکٹر، 36 اے ایس آئی اور 122 ہیڈ کانسٹیبل شامل ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق کراچی پولیس کے کئی ڈی ایس پی اور انسپکٹر نئے عہدوں کے مطابق کانسٹیبل بن گئے ہیں۔ غیر قانونی ترقی پاکر کانسٹیبل عبدالستار ابڑو ڈی ایس پی کے عہدے پرکام کر رہا تھا۔ ایک پولیس کانسٹیبل ارشاد احمد پے در پے ترقیاں لے کر انسپکٹر بن کر آئی جی جیل کا سیکورٹی انچارج بن گیا تھا۔ کانسٹیبل ناصر عروج ڈی ایس پی بن کر کئی عہدوں پر کام کرچکا تھا جبکہ دیگر کئی بے قائدگیاں بھی سامنے آئی ہیں۔