21 جنوری ، 2012
سرگودھا…وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ انقلاب کی باتیں کرنے والی جماعتیں سن لیں وہ انقلاب نہیں لا سکتیں کیونکہ نہ تو ان کے پاس عوام کی طاقت ہے اور نا ہی کوئی منشور ہے۔ ملک میں انقلاب صرف پیپلز پارٹی ہی غریب عوام کے ذریعے لائے گی۔کمپنی باغ سرگودھا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ آمریت کے ساتھ کئی جماعتیں آئیں جب آمر گئے تو وہ جماعتیں بھی ان کے ساتھ ہی دفن ہو گئیں۔ بہت سی جماعتیں بے ساکھیوں اور خفیہ قوتوں کے ذریعے آئیں مگر آج ان کا کوئی نام نہیں لیتا۔ پیپلز پارٹی چور دروازے سے نہیں عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئی ہے۔ دو ہزار تیرہ میں بھی ووٹوں کے لئے عوام کے پاس جائیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ کوئی فصلی بٹیرے نہیں جو فصل دیکھ کر آجاتے ہیں، عوام کے ساتھ ان کا مستقل رابطہ ہے جو آئندہ بھی برقرار رہے گا۔