21 فروری ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں سے مذاکرات 18کروڑ عوام اور شہیدوں کے خون سے مذاق ہے ، الطاف حسین نے چھ سال قبل کراچی سمیت ملک میں طالبانائزیشن کے حوالے سے جو باتیں اور پیشن گوئیاں کی تھیں وہ آج سچ ثابت ہورہی ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ اور اس پر حکومت کی پراسرار خاموشی پر گہری تشویش کااظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج رؤف صدیقی ، جوائنٹ انچارج غازی صلاح الدین ، محترمہ خوش بخت شجاعت ، لونگ خان چنہ ، پونجو مل بھیل ، انورا قبال بلوچ ، ہیر سوہو ، عبد الحسیب خان، ڈاکٹر ارشد وہرہ ، ڈاکٹر لیلیٰ پروین ، نگہت زہری ، پیر فرزند علی شاہ جیلانی ، ڈاکٹر ایوب شیخ ، فیروز عالم لاری ، سید عثمان علی ، عبد الوحید عباسی ، سید سلیم اختر ایڈووکیٹ ، حاجی نصیر کھوسہ ، ریحان ذیشان ، صادق محمد ، ہارون باری اوررشید مسیح بھی موجودتھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ طالبان نے جس طرح پاک فوج کے 23جوانوں کو شہید کرکے ان کی ویڈیو حکومت کو پیش کی وہ واضح کرتا ہے کہ طالبان ملک کی بنیادوں کو ہلا دینا چاہتے ہیں اور حکومت مذاکرات ، مذاکرات کا کھیل کھیل رہی ہے ، الطاف حسین ملک کے واحد لیڈر ہیں جن کا دہشت گردوں کے حوالے سے مئوقف بالکل واضح ہے،طالبان کے سیاسی ترجمان اب کس منہ سے ملک میں تبدیلی کی بات کرتے ہیں جبکہ وہ عام انتخابات میں نوجوانوں کو نئے پاکستان کا خواب دکھا رہے تھے ؟ اور طالبان نے انہیں اپنا ترجمان بنا کر اُن کا اصل چہرہ بے نقاب کردیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین کے ملکی مفاد اور دہشت گردوں سے پاک، پاکستان کے مئوقف کی آج ملک کا بچہ بچہ تائید کرتا ہے، ایم کیوایم ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک افواج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اوردہشت گردوں کو بتا دینا چاہتی ہے کہ پاک افواج کو ملک کی 18کروڑ عوام کی مکمل تائید حاصل ہے ۔دریں اثناء ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے اسکیم 33گلشن معمار سیکٹر کے کارکن جمیل کے والد نصیر احمد ، لیاری سیکٹر کے کارکن ارشد زیدی کے والد سید جمشید علی زیدی ،نارتھ کراچی سیکٹرکے کارکن حامد حسین بھائی ساجد حسین ، اورنگی کے کارکن سید عرفان امام کی والدہ سیدہ شیرین خاتون ، سکھر زون کے کارکن ایاز خان کی والدہ کاشمیر خان ، میرپورخاص زون کے کارکن افتخار کی صاحبزادی ، فاطمہ ، صوبائی تنظیمی کمیٹی (پنجاب) ڈسٹرکٹ لاہور کے کارکن حارث خان کاکڑ کے چچا غلام نبی خان کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ،اور مرحومین کے سوگواران لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور سوگواران صبر جمیل عطا کرے ۔ ( آمین )۔