25 فروری ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ دین اسلام کی تبلیغ وترویج میں بزرگان دین اورصوفیائے کرام کاکردار ناقابل فراموش ہے اور ایم کیوایم 9، مارچ کو لاہور میں اسلام کے فروغ میں بزرگان دین کے کردار کواجاگرکرنے کیلئے روحانی اجتماع منعقد کرے گی ۔ یہ بات انہوں نے سنی اتحادکونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے حامدرضا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ طالبانائزیشن کے خلاف سنی اتحاد کونسل بھی آوازبلند کررہی ہے، خوف ودہشت کے ماحول میں جب کوئی سیاسی جماعت طالبان کی قتل وغارتگری اور دہشت گردی کے خلاف نکلنے کو تیارنہیں تھی ایسے میں ہم نے طالبان دہشت گردوں کے خلاف فقیدالمثال یکجہتی ریلی منعقد کرکے عوام میں بیداری کی لہرپیدا کی ہے، طالبان دہشت گرد ، بزرگان دین اور صوفیائے کرام کے مزارات کو بموں سے اڑارہے ہیں اورعوام پراپنی خودساختہ شریعت مسلط کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کاتعاون ہراس جماعت کے ساتھ ہے جو بندوق کے زورپراپنے نظریات اور عقائددوسروں پر مسلط کرنے والے طالبان دہشت گردوں کے خلاف ہے ۔ الطاف حسین نے صاحبزادہ حامد رضا سے کہاکہ 9، مارچ کو لاہور میں ایم کیوایم کے تحت منعقد ہونے والاروحانی اجتماع پاکستان کی بقاء وسلامتی کیلئے منعقد کیاجارہا ہے لہٰذا اس کارخیر میں تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو بھرپورشرکت کرنا چاہیے۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے طالبانائزیشن کے خلاف کراچی میں عظیم الشان یکجہتی ریلی کی تاریخ ساز کامیابی پر الطاف حسین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ ظالموں کے سامنے کلمہ حق بلند کرکے عظیم جہاد کررہے ہیں اور اس جہاد میں سنی اتحاد کونسل آپ کے ساتھ ہے ۔ اس نیک کاوش پرتاریخ میں ایم کیوایم اورالطاف حسین کا نام سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ 9، مارچ کو لاہور میں ایم کیوایم کے تحت منعقد ہونے والے روحانی اجتماع میں سنی اتحاد کونسل بھرپورشرکت کرے گی ۔