26 فروری ، 2014
جھنگ…تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں لڑی جانے والی امریکی جنگ کے بعد ملک میں دہشت گردی انتہاکو پہنچ گئی ہے، جب تک نظام ٹھیک نہیں ہوتا ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، آٹھ ماہ کے عرصے میں خیبرپختونخوا پولیس کو غیر سیاسی کیا۔ جھنگ کے علاقے شاہ جیوانا میں حلقہ پی پی 81کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی انتہا کو پہنچ چکی ہے، آزاد پاکستان کیلئے سب کو جدوجہد کرنی ہوگی۔ عمران خان نے کہا کہ صرف آٹھ ماہ کے عرصے میں خیبرپختونخوا کی پولیس کو غیر سیاسی کردیا، اب وہاں جھوٹی ایف آئی آر درج ہوسکتی ہے اور نہ ہی پسند کی تقرری ہوسکتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ 11مئی کو تاریخی دھاندلی ہوئی تھی، لوگوں نے بلے کو ووٹ دیا تھا لیکن جیت شیر کی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نوازلیگ کی باربار باری کے باوجود بھی وہ حالات ٹھیک نہیں کرسکی۔ جلسے سے شیخ رشید، شاہ محمود قریشی، فیصل صالح حیات اور پی ٹی آئی کے امیدوار رائے تیمور حیات نے بھی خطاب کیا۔ اس سے پہلے عمران خان نے دربارشاہ جیونا پرحاضری بھی دی۔