پاکستان
27 فروری ، 2014

آبدوز فورس کے لحاظ سے آئندہ دو برسوں میں پاکستان بھارت پر حاوی ہوگا

کراچی…محمد رفیق مانگٹ…بھارتی اخبار”ہندوستان ٹائمز“ کے مطابق آبدوز فورس کے لحاظ سے آئندہ دو برسوں میں پاکستان بھارت پر حاوی ہوگا۔ بھارتی بحریہ پہلے سے ہی آگاہ ہے کہ آئندہ دوسال میں پاکستان کے مقابلے میں وہ اپنی آب دوزوں کی سطح پر بحری برتری کھو دے گی۔ آب دوز بیڑے کے معاملے میں بھارت چین سے بھی کسی لحاظ سے قریب نہیں۔بھارتی اخبار کے مطابق ایک خفیہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بھارتی بحریہ کی طاقت تیزی سے زوال کا شکار جب کہ پاکستان اور چین کی بحری طاقت میں اضافہ ہو رہا ہے، ممبئی کے مازگان ڈاک میں فرانسیسی فرم کی ٹیکنالوجی سے چھ اسکارپئین آبدوزوں کے23562 کروڑ بھارتی روپوں کے منصوبے پر کام جاری ہے، تاہم اس سلسلے کی پہلی آبدوز2016-17میں تیار ہو گی۔ اخبار لکھتا ہے کہ کہ آئندہ دوسالوں میں بھارت کے پاس پاکستان کے مساوی آبدوزیں رہ جائیں گی پاکستان نیوی کے پاس پانچ سے چھ آبدوزوں کا فلیٹ ہے۔بھارتی بحریہ کے پاس فی الحال 12 آبدوزیں ہیں جن کی بظاہر طاقت بہت کم ہے۔روسی ساختہ کلوکلاس اور جرمن ساختہ ایچ ڈی ڈبلیو ٹائپ 209آبدوزوں کو ترک کرنے کے بعد2015تک بھارت کے پاس صرف پانچ سے چھ آبدوزیں رہ جائیں گی ۔چین کے پاس 50سے زائد آبدوزیں ہیں اور مزید15یو آن کلاس کی حملہ آور آبدوزوں کی تیاری جاری ہے۔ چین نے زیرآب طاقت میں اضافہ کیاہے، بھارتی بحریہ کی سب میرین فورس کی سطح 2015میں کم ترین سطح پر ہوگی۔رپورٹ کے مطابق روسی ساختہ آبدوز آئی این ایس سندھو رتنا کا حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب بھارتی بحریہ تیزی سے گرتی زیر آب طاقت کو سنبھالا دینے کی سرتوڑ کوشش میں لگی تھی۔

مزید خبریں :