02 مارچ ، 2014
لندن…متحدہ دقومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے اتوار 9 مارچ کوایم کیوایم کے زیراہتمام لاہورمیں ہونے والے ” صوفی کنونشن“ کے انعقادکے سلسلے میں بھرپور تعاون کرنے پر حکومت پنجاب کاشکریہ اداکیاہے ۔ وہ اتوار کو کراچی میں رابطہ کمیٹی سے گفتگوکررہے تھے۔انہوں نے مختلف تنظیمی معاملات اور لاہورمیں ہونے والے صوفی کنونشن کے انعقاد کے سلسلے میں مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پررابطہ کمیٹی نے الطاف حسین کوصوفی کنونشن کے سلسلے میں اب تک کئے گئے انتظامات سے آگاہ کیا۔ الطاف حسین نے ان انتظامات پراطمینان کااظہارکیااوراس سلسلے میں کام کوتیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ الطا ف حسین نے 9 مارچ کے صوفی کنونشن کے انعقادکے سلسلے میں بھرپورتعاون کرنے پر پنجاب کی حکومت،بیوروکریسی، انتظامیہ اورپولیس کا شکریہ اداکیا۔ دریں اثناء الطاف حسین نے ایشیاکرکٹ کپ کے میچ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی شاندارکامیابی پرکپتان مصباح الحق ، آج کے میچ کے ہیرو شاہدآفریدی اورٹیم کے تمام کھلاڑیوں کوزبردست مبارکبادپیش کی ہے ۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جبکہ پاکستان کے عوام ملک میں جاری دہشت گردی ،بم دھماکوں،مہنگائی اوردیگر مسائل کے باعث انتہائی خوف اورمایوسی کاشکارہیں ایسے میں پاکستان ٹیم کی یہ شاندارجیت مایوسی کاشکارلوگوں کے لئے سکون کاباعث اورمرجھائے ہوئے چہروں کے لئے خوشی ومسرت کا سامان ہے،انھوں نے کپتان مصباح الحق ، شاہدآفریدی اورٹیم کے ایک ایک کھلاڑی کوشاندارجیت کی مبارکبادپیش کی اورامیدظاہرکی کہ وہ اسی طرح شاندارکارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کوکامیابی وکامرانی سے ہمکنارکرتے رہیں گے۔علاوہ ازیں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان احمد سلیم صدیقی اور سیف یار خان نے رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور لاہور میں ایم کیوایم کے زیرا ہتمام 9مارچ کو ہونے والے ”صوفیانہ کنونشن “ میں شرکت کی دعوت دی ۔اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی ایس اے اقبال ، حق پرست رکن صوبائی اسمبلی انور رضا ، ایم کیوایم علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد اور متحدہ بین المسلمین فورم کے جنرل سیکریٹری مفتی شمیم بھی ان کے ہمراہ تھے ۔