04 مارچ ، 2014
لاہور…متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستارنے کہا ہے کہ الطاف حسین کی قیادت میں ایم کیوایم نے پاکستان بچانے کا بیڑا اٹھا لیا ہے،ایم کیوایم کے تحت لاہور کے وحدت کالونی گراوٴنڈ میں اتوار 9 مارچ کو صوفیائے کرام کانفرنس 2بجے شروع ہوگی۔لاہور میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما امین الحق، کنور نوید اور دیگر رہنماوٴں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرفاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں نے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ پاکستان کو طالبان کے حوالے کر دیا جائے، ایف ایٹ کچہری پر حملے کے ذریعے ایک خاص پیغام دیا گیا ہے، ایم کیو ایم نے پاکستان بچانے کا فیصلہ کیا ہے، دہشت گردوں کے اڈوں کے خاتمے کے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہو گی۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ صوفیائے کرام کانفرنس کا مقصد ملک میں دہشت گردی کے خلاف شعور بیدار کرنا ہے، تمام پاکستانیوں کو برابر کے حقوق دیے جائیں، صوفیائے کرام کانفرنس لسانی و مذہبی بنیادوں پر پاکستان کی تقسیم در تقسیم کی سازش کو ناکام بنادے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے تحت صوفیہ کانفرنس سے الطاف حسین بھی عوام خصوصاً اہلِ پنجاب سے خطاب کریں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کچہری حملہ اسلام آباد پر قبضے کی تیاری کا اعلان ہے، عدلیہ پر حملہ پاکستان کی ریاست پر حملہ ہے، اب تو اسلحہ بردارعدالتوں اور قومی اسمبلی میں آکر بیٹھیں گے، عوام کو دہشت گردی کے خاتمے کے عمل میں شریک نہ کیا تو پاکستان پر دہشت گردوں کا قبضہ ہوگا، بڑی تعداد میں عوام کی شرکت بتائے گی کہ یہ 18کروڑ عوام کا پاکستان ہے، دہشت گردوں نے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو چن چن کر قتل کرنا شروع کر دیا ہے، گزشتہ ایک ہفتے میں ہمارے 12سے زائد کارکنان کو قتل کیا گیا، آج ایم کیو ایم کے مرکز فیڈرل بی ایریا میں ہمارے کارکن کو قتل کیاگیا،اس مذاکرات کی پالیسی کی وجہ سے تحریک طالبان نے حکومت کو اپنی انگلیوں پرنچایا۔