05 مارچ ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اپنی اور اپنی صاحبزادی افضاء الطاف کی خواہش کے مطابق رابطہ کمیٹی کے اراکین، ذمہ داران اورکارکنان سے اپیل کی ہے کہ افضاء الطاف کی سالگرہ کی تقریبات کو حق پرست شہداء کے ایصال ثواب اور ملک کی سلامتی وبقاء کیلئے دعائیہ اجتماعات میں تبدیل کردیا جائے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ دس دنوں میں ایم کیوایم فیڈرل بی ایریا کے سینئر کارکن مشتاق احمد سمیت متعدد ساتھی بیدردی سے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بناکر شہید کیے جاچکے ہیں چنانچہ ان المناک واقعات کے سبب سالگرہ کی تقاریب کا انعقاد قطعی مناسب نہیں ہے۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان، تمام ذمہ داران اورکارکنان پر زور دیا کہ سالگرہ کے تحائف غریبوں میں تقسیم کردیئے جائیں اور ملک بھر میں سالگرہ کی تقاریب کو حق پرست شہداء کے ایصال ثواب ، ملک سے انتہاء پسندی اوردہشت گردی کے خاتمہ، پاکستان کی سلامتی وبقاء اور ترقی وخوشحالی کیلئے دعائیہ اجتماعات میں تبدیل کردیا جائے ۔واضح رہے کہ بدھ5 مارچ کو الطاف حسین کی صاحبزادی افضاء الطاف کی 12 ویں سالگرہ ہے ۔دریں اثناء الطاف حسین نے دہشت گردوں کی جانب سے ہنگو میں سیکورٹی فورسز کے قافلے کو بم دھماکے سے نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکے کے نتیجے میں متعدد سیکورٹی اہلکاروں کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک بیان میں انھوں نے کہاکہ سفاک دہشت گرد کھلی بربریت اوردہشت گردی پر اترے ہوئے ہیں اوران دہشت گردوں کی سفاکانہ کارروائیاں دن بدن بڑھتی جارہی ہیں اور ملک کے مختلف حصوں میں تسلسل کے ساتھ پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات اور ان واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور شہریوں کی شہادتیں موجودہ حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے، یہ حکومت کافرض ہے کہ وہ تحقیقات کرائے کہ ان سفاکانہ کارروائیوں میں کہیں طالبان دہشت گرد ہی تو ملوث نہیں جوجنگ بندی کے اعلان کے باوجود اپنے گھناوٴنے مقاصد کی تکمیل کیلئے بے گناہ شہریوں کوخاک اور خون میں نہلارہے ہیں۔ الطاف حسین نے صدر ممنون حسین ، وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان سے مطالبہ کیا کہ ہنگو میں سیکورٹی فورسز کو بم دھماکے سے نشانہ بنانے میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتا رکیاجائے ، دہشت گردی کے خاتمے ، سیکورٹی فورسز ، سرکاری تنصیبات اور عوام کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں ۔انھوں نے دہشت گردوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔