06 مارچ ، 2014
لندن…ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی صاحبزادی افضاء الطاف کی بارہویں سالگرہ کی تقریب انتہائی سادگی سے منعقدہوئی جسے دعائیہ تقریب میں تبدیل کردیاگیا۔تقریب میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین ، رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرندیم نصرت،دیگراراکین رابطہ کمیٹی، پاکستان سے آئے ہوئے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی شیخ صلاح الدین، عدنان احمد، سیف الدین خالد، انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے ارکان، ان کے اہل خانہ اوربچوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان میں گزشتہ چنددنوں کے دوران ایم کیوایم کے کارکنوں کے تسلسل کے ساتھ ہونے والے شہادت کے واقعات اور اسلام آبادمیں ایف ایٹ کچہری میں دہشت گرد ی کے واقعہ میں جج اوروکلاء سمیت متعددافرادکی شہادت کے سانحہ پر میں نے کارکنوں کویہی ہدایت کی تھی کہ وہ میری بیٹی افضاء کی سالگرہ کوشہیدوں کے ایصال ثواب،پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے اورملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے دعائیہ اجتماعات میں بدل دیں۔ہم نے لندن میں بھی سالگرہ کی تقریب کودعائیہ اجتماع میں بدل دیاہے ۔ اس موقع پر الطاف حسین نے ایم کیوایم کے شہیدکارکنوں اوردہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے فوج، ایف سی،رینجرز،پولیس اوردیگراداروں سے تعلق رکھنے افسروں، جوانوں اورشہریوں کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کرائی ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری دعااورکوشش ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کاخاتمہ ہو ، ملک میں امن وسلامتی ہو،ترقی وخوشحالی ہو،تمام شہری امن وسکون سے اپنی زندگی گزاریں اورتمام لوگوں کے چہروں پرخوف کے بجائے اطمینان و سکون اور مسرت ہو، مزید براں الطاف حسین نے افضاء الطاف کی بارہویں سالگرہ کی سادہ سی تقریب میں شریک بچوں اوربچیوں سے خصوصی طورپرمخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ زندگی میں ترقی کے لئے تعلیم کاحصول بنیادی چیزہے، تعلیم ہی ہرفرد کوایک اچھاانسان اورمعاشرے میں باعزت مقام دلاتی ہے ۔انہوں نے بچوں اوربچیوں کوتلقین کی کہ وہ اپنی تعلیم پر بھرپورتوجہ دیں ۔ دریں اثناء الطاف حسین نے لاہور میں الیکٹرانک میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن کے الیکشن میں نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ ایک تہنیتی بیان میں انہوں ”ایمراء “کے نومنتخب صدر عاصم نصیر ، نائب صدر حشام یوسف ، جنرل سیکریٹری ندیم چوہدری ، فنانس سیکریٹری شکیل شہزاد ملک اور دیگر نومنتخب عہدیداران سے امید ظاہر کی کہ وہ صحافیوں کے مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے نہ صرف اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے بلکہ صحافی برادری کیلئے اپنی مخلصانہ اور ہمدردانہ کوششیں جاری رکھیں گے ۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے صحرائے تھرمیں خشک سالی کے باعث غذائی قلت پرگہری تشویش کااظہارکیاہے اورصحرائے تھرمیں وبائی امراض پھیلنے سے معصوم بچوں کی ہلاکت پردلی رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے حکومت وقت سے مطالبہ کیاہے کہ صحرائے تھرمیں خشک سالی کے باعث غذائی قلت اوروبائی بیماریوں پرقابوپانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کیے جائیں۔