07 مارچ ، 2014
کراچی… محمد رفیق مانگٹ…بھارتی اخبار”ٹائمز آف انڈیا“ نے دعویٰ کیا ہے کہ اٹاری کے مقام پر سمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے پاکستان سے لوٹنے والے چھ بھارتی مسافروں کو مبینہ طور پر اسلحہ اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ کسٹم احکام نے اٹاری انٹر نیشنل ریلوے اسٹیشن پر پاکستان کی طرف سے آنے والی سمجھوتہ ایکسپریس کے چھ مسافروں سے 11ریوالرز اور22میگزین برآمد کیے ہیں۔ان چھ مسافروں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔اخبار کے مطابق اسلحہ اور گولہ بارود جوسر اور گندم پیسنے والی مشین میں جوڑ کر لایا جا رہا تھا اور حراست میں لئے گئے یہ مسافر مبینہ طور پر اسلحہ اسمگلرزہیں۔اٹاری پر کسٹم کے ڈپٹی کمشنر گردیو سنگھ نے بتایا کہ معمول کی چیکنگ کے دوران اہلکاروں پر11جوسر اورگندم کی مشینوں پر شک گزراجواتر پردیش کے ضلع مظفر نگر جانے والے چھ مسافروں کی ملکیت تھے۔چیکنگ کے دوران معلوم ہوا کہ ہر مشین کے بیس میں ایک ریوالر اور دو میگزین ویلڈ کیے گئے ہیں۔ گرفتار مسافروں میں شہناز بیگم،انیس احمد، رضیہ بیگم ،رئیس،عارف اور ناصر ہیں ان سب کی عمریں40سے45سال کے درمیان ہیں،یہ تمام حراست میں لیے گئے افراد13فروری کو لاہور اپنے رشتہ داروں کو ملنے گئے تھے۔اخبار لکھتا ہے کہ پولیس اور کسٹم حکام اس پہلو پر پوچھ گچھ کررہے ہیں کہ مبینہ طور پر یہ اسلحہ اسمگلر مظفر نگر فسادات کے متاثرین ہیں یا نہیں۔