07 مارچ ، 2014
لاہور…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے زیر اہتمام اتوار 9مارچ کو لاہور کے ڈونگی گراؤنڈ میں ہونے والی عظیم الشان ”صوفیائے کرام “ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد محض ایم کیوایم یا کسی اور سیاسی جماعت کا ایجنڈا نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کا ایجنڈا ہے ،یہ 18کروڑ عوام کے مسائل ، مسالک اور عقائد کی ترجمانی کرے گی ، آج پاکستان کے آئین کی چند شقوں پر حکومت اور ریاست کھڑی ہوئی ہے باقی کا آئین عضوئے معطل بنا ہوا ہے ،پاکستان کے کئی علاقے دہشت گردوں کے زیر قبضہ ہیں اور ملک میں ریاست کے اندر ریاست قائم ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بے شک ایم کیوایم مذہبی جماعت نہیں ہے لیکن ایم کیوایم یہ اپنا فریضہ سمجھتی ہے کہ اگر مذہب کے نام پر استحصال اور مذہب میں من مانی کرکے پاکستان پر قبضے کی سازش ہورہی ہے ، یہ مذہب کا ہی استحصال نہیں ہے بلکہ اس کی آڑ میں ریاست پاکستان کو بھی فارغ کیاجار ہا ہے ، الطاف حسین اور ایم کیوایم نے اپنی اس بنیادی ذمہ داری کو سمجھتے ہیں اور صوفیائے کرام کانفرنس کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو صوفیائے کرام کانفرنس کے سلسلے میں لاہور پریس کلب میں منعقدہ میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی امین الحق ، احمد سلیم صدیقی ،واسع جلیل ، رشید گوڈیل ، وسیم اختر ، سیف یار خان ، حق پرست اراکین قومی اسمبلی ریحان ہاشمی ، عبدالوسیم ، محترمہ طاہرہ آصف ، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فیصل سبزواری ، سلیم بندھانی ، بسمہ آصف سکھیرا ، رانا اشرف ایڈووکیٹ ، سیکریٹری اطلاعات عمر پیرزادہ ، جوائنٹ انچارج سوشل فورم عدنان انیس اور جوائنٹ انچارج نازیہ امام اور دیگر بھی موجود تھے ۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، نائب صدر محمد شہبا زمیاں نے خیر مقدمی خطاب کیا،بعدازاں فاروق ستار نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات بھی دیئے اور کہاکہ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام اس بات کو بخوبی سمجھتے ہیں اور اس کے مکمل حامی ہیں کہ اسلام پیار محبت اور امن کا مذہب ہے اور دہشت گردی ، فرقہ واریت کے مخالف ہے ۔ آج قائداعظم کے مہذب فلاحی اورجمہوری پاکستان کو منوں ٹنوں مٹی میں دبانے کی کوشش کی جارہی ہے اور ایسی صورتحال میں صوفیائے کرام کانفرنس تمام پاکستانیوں کو اس بات کی دعوت دے رہی ہے کہ پاکستان کو بچایاجائے ،پاکستان کی بقاء و سلامتی کی جنگ سیاست ، معیشت ، معاشرت کے محاذ پر لڑنی ہے ،فاروق ستار نے صوفیائے کرام کانفرنس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس 9مارچ کو دوپہر 2بجے ڈونگی گراؤنڈ وحدت کالونی لاہور میں منعقد ہورہی ہے جس میں شرکت کیلئے الطاف حسین کی جانب سے تمام اہل پاکستان خاص طور پر اہلیان پنجاب اور زندہ دلان لاہور کی ماؤں ،بہنوں ، بیٹیوں ، نوجوانوں،بھائیوں اور بزرگوں سے اپیل کروں گا کہ وہ صوفیائے کرام کانفرنس کی اہمیت اور ضروررت کو سمجھتے ہوئے اس میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں ۔