پاکستان
07 مارچ ، 2014

مذہبی انتہاء پسندی پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کی سازش ہے، الطاف حسین

 مذہبی انتہاء پسندی پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کی سازش ہے، الطاف حسین

لندن…ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ مذہبی انتہاء پسندی اور فرقہ واریت،پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کی سازش ہے اور جو عناصر مذہب کے نام پر قتل وغارتگری کررہے ہیں وہ پاکستان اور اس کے عوام کے کھلے دشمن ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ہاوٴس لاہور میں ایم کیوایم کے ذمہ داران اور کارکنان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے ذمہ داران نے الطاف حسین کو 9، مارچ کو صوفیائے کرام کانفرنس کے انعقاد کے حوالہ سے کی جانے والی تیاریوں ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتوں اور دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ الطاف حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حق پرستی کی جدوجہد بہت دشوار اورکٹھن ہوتی ہے ، اس راہ پرچلنے والوں کو مصائب ومشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جولوگ اپنے مشن ومقصد کی تکمیل کیلئے ثابت قدمی سے حالات کے جبر کا سامنا کرتے ہیں کامیابی ان کامقدر بن جایا کرتی ہے ۔ لہٰذا ایم کیوایم کے کارکنان بھی اپنی جدوجہد کی راہ میں آنے والی کسی بھی رکاوٹ سے ہرگز مایوس نہ ہوں اور ثابت قدمی سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں،فروغ اسلام میں بزرگان دین ، اولیائے کرام اور صوفیائے کرام نے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں اور ان بزرگ ہستیوں کی انہی خدمات کو اجاگر کرنے کیلئے ایم کیوایم کے تحت صوفیائے کرام کانفرنس کاانعقاد کیاجارہا ہے،انھوں نے تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام ، مشائخ عظام ، ذاکرین ، سیاسی ومذہبی رہنماوٴں ، دانشوروں، صحافیوں ، انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کی تنظیموں ، طلبا وطالبات اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے پرزوراپیل کی کہ وہ 9، مارچ کو وحدت کالونی گراوٴنڈ لاہور میں صوفیائے کرام کانفرنس میں بھرپورشرکت کرکے پوری دنیا پر واضح کردیں کہ پاکستان کے عوام مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور احترام انسانیت پر یقین رکھتے ہیں ۔الطاف حسین نے کانفرنس میں دن رات محنت ولگن سے کام کرنے والے ذمہ داران اور کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی اللہ تعالیٰ تمام ذمہ داران اور کارکنان کو اپنی حفظ وامان میں رکھے۔ دریں اثناء الطاف حسین کی ہدایت پرایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو اور فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن میں صحرائے تھرمیں قحط زدہ افراد امداد کے کیلئے امدادی کیمپ قائم کر دئیے گئے ہیں اورتھرکے قحط زدہ افرادامداد کیلئے غذائی اجناس و دیگراشیاء ضرورت پر مشتمل آج پہلا ذخیرہ ادمداد کا روانہ کیا جائے گا۔جس میں آٹا ، دالیں ، خشک دودھ،چینی ،بسکٹس کے علاوہ ملبوسات سمیت زندگی بچانے والی ادویات بھی شامل ہیں۔رابطہ کمیٹی نے نے مخیرحضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ نائن زیرہ اور کے کے ایف میں قائم کیمپوں میں زیاہ دہ سے زیادہ غذائی اجناس دیگر سامان جمع کرائیں۔ تھرکے قحط زدہ افراد کی زیادہ سے زیادہ امداد کریں تاکہ انسان کی قیمتی جانوں ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔

مزید خبریں :