08 مارچ ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے گلبہارکے علاقے میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم ناظم آبادگلبہار سیکٹریونٹ 189کے کارکن محمدعلی اورایک ہمدردحامد کے سفاکانہ قتل کی شدیدمذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جب سے ایم کیوایم نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مسلح افواج سے اظہاریکجہتی کی ریلی نکالی ہے اس کے بعد سے تسلسل کے ساتھ ایم کیوایم کے کارکنوں اورہمدردوں کوچن چن کردہشت گردی کانشانہ بنایاجارہاہے۔گزشتہ دوہفتوں کے دوران ایم کیوایم کے چوہ کارکنوں اورہمدردوں کوٹارگٹ کرکے شہیدکیاجاچکاہے۔28فروری کوبھی ناظم آبادکے علاقے میں ایم کیوایم کے دوسینئرکارکنوں حامداورخالد کوشہیدکیاگیا ۔ دوروز قبل سینئرکارکن اورنائن زیرو کے مرکزی شعبہ ایف ایف سی کے انچارج مشتاق احمدکوسمن آبادمیں شہید کیا گیا تھا اور آج گلبہارکے علاقے میں مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے ایم کیوایم کے دوکارکنوں اورہمدردوں محمدعلی اورحامدکوفائرنگ کرکے شہیدکردیا، الطاف حسین نے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ شہرمیں جاری ٹارگٹڈ آپریشن اورپولیس، رینجرزاوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکاروں کی موجودگی اورگشت کے باوجود شہرمیں روزانہ دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں ، ایم کیوایم کے کارکنوں کو چن چن کرشہید کیاجارہاہے مگرنہ تو قاتلوں کو گرفتارکیاجارہاہے اورنہ ہی دہشت گردی کے واقعات میں کمی آرہی ہے ۔ ایک جانب طالبان سے مذاکرات کئے جارہے ہیں جبکہ دوسری طرف کراچی میں فرقہ پرست دہشت گرد عناصر کوایم کیوایم کے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کی چھوٹ دیدی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ایم کیوایم کے کارکنوں کے قتل کایہ سلسلہ نہ رکوایا گیا تو عوام کے جذبات کوقابوکرنامشکل ہوجائے گا۔انھوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف کراچی کے امن کی بہت بات کرتے ہیں لیکن ایم کیوایم کے کارکنوں اورمعصوم شہریوں کابہتاہواخون انہیں کب نظرآئے گا؟انھوں نے وزیراعظم نوازشریف، وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان اورحکومت سندھ سے مطالبہ کیاکہ گلبہارمیں ایم کیویم کے کارکنوں محمدعلی اورایک ہمدردحامد سمیت دیگرکارکنوں کے مسلسل قتل کے واقعات کافی الفور نوٹس لیاجائے۔