پاکستان
10 مارچ ، 2014

اسیر کارکنان کی اندرون سندھ جیلوں میں منتقلی قابل مذمتہے، رابطہ کمیٹی

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم کے اسیر کارکنان کو کراچی سے اندرون سندھ کی جیلوں میں منتقل کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس عمل کو بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قراردیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ صرف ایم کیوایم کے اسیرکارکنان کو کراچی سے دوردرا ز علاقوں کی جیلوں میں منتقل کرنے کا عمل کھلی عصبیت اور ناانصافی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اس سے قبل ایم کیوایم کے اسیر کارکنان کو بلوچستان کی مچھ جیل منتقل کیا گیا تھا اور اب مزید کارکنان کو اندرون سندھ کی جیلوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں متعصب جیل انتظامیہ کی جانب سے اسیرکارکنان کو غیرانسانی سلوک کانشانہ بنایاجارہا ہے جس کے باعث ان کے اہل خانہ شدید ذہنی کرب واذیت کا شکار ہیں۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بے گناہ کارکنان وہمدردوں کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ اور بلاجواز گرفتاریوں کے باوجود ایم کیوایم صبروتحمل کامظاہرہ کررہی ہے لیکن ایم کیوایم کے کارکنان کے قاتلوں کوگرفتارکرنے کے بجائے الٹا ایم کیوایم ہی کے کارکنان کو گرفتارکرکے ملک کی دوردراز جیلوں میں منتقل کیاجارہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اگر اسیرکارکنان کو واپس کراچی جیل شفٹ نہ کیا گیا تو ایم کیوایم اس ظلم وناانصافی اورکارکنان کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر احتجاج کا حق رکھتی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے حق پرست ارکان سندھ اسمبلی کوہدایت کی کہ وہ سندھ اسمبلی میں اسیرکارکنان کی کراچی جیل سے اندرون سندھ کی جیلوں میں منتقلی کے خلاف بھرپوراحتجاج کریں اور صدائے احتجاج بلند کرکے ملک بھرکے عوام کو ایم کیوایم کے اسیرکارکنان اوران کے اہل خانہ پر ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کریں۔ رابطہ کمیٹی نے گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد اوروزیراعلیٰ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام اسیروں کو فی الفور کراچی جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کریں۔دریں اثناء ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے لاہور میں منعقدہ صوفیائے کرام کانفرنس میں شرکت کرنے اوراس کانفرنس کو تاریخی کامیابی سے ہمکنارکرنے پرتمام علمائے کرام ، مشائخ عظام ، درگاہوں اور مزارات کے سجادہ وگدی نشینوں، نعت خواں اورقوال حضرات ، صوفیانہ کلام پڑھنے والے فنکاروں، سیاسی ومذہبی رہنماوٴں،میڈیا کے تمام نمائندوں، طلباوطالبات اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے دلی تشکرکا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ بزرگان دین ، اولیائے کرام اور صوفیائے کرام نے ہمیشہ احترام انسانیت ، امن ومحبت اور بھائی چارے کا درس دیا ہے ۔ان بزرگ ہستیوں کی خانقاہوں سے تمام مذاہب ، عقائد اور مسالک سے تعلق رکھنے والے فیض پاتے رہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کانفرنس میں بھرپورشرکت کرنے اورکانفرنس کو تاریخ ساز فتح سے ہمکنارکرنے پر تمام شرکاء سے دلی تشکرکااظہارکرتے ہوئے کہاکہ انشاء اللہ ،اعتدال پسند عوام کایہ مثالی اتحاد پاکستان کی بقاء وسلامتی اور ترقی وخوشحالی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور ملک بھرمیں مذہبی رواداری ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، امن ومحبت اور بھائی چارے کو فروغ حاصل ہوگا۔

مزید خبریں :