13 مارچ ، 2014
کراچی…پیپلزپارٹی میں پھوٹ پڑگئی، ہالا اور وزیراعلیٰ آمنے سامنے آگئے۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ تھر کی صورتحال کے ذمے دار امین فہیم کے بیٹے ہیں۔ سروری جماعت کے اعلامیے کے مطابق سانحہٴ تھر کے ذمے دار قائم علی شاہ ہیں، ہالا میں وزیراعلیٰ کے خلاف مظاہرہ بھی کیا گیا۔تھر میں خشک سالی کا پہلے سے پتا کیوں نہ لگایا جا سکا۔ تھر میں بدانتظامی کا ذمہ دار کون ہے؟ اس معاملے پر سندھ کی دو بڑی شخصیات آمنے سامنے آ گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تھر میں خشک سالی اور بدانتظامی کا ذمہ دار کون تھا؟ یہ طے کرنے کے لیے سندھ کی سیاست کے دو بزرگ آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ 81سالہ سید قائم علی شاہ اور 75سالہ مخدوم امین فہیم۔سندھ میں ریلیف کی وزارت امین فہیم کے صاحب زادے مخدوم جمیل الزماں کے پاس تھی۔ خشک سالی کے متاثرین کو ریلیف نہ ملا تو وزیراعلیٰ نے ریلیف کے وزیر کی چھٹی کر دی۔ اب انہوں نے مخدوم امین فہیم کے بیٹوں کو سانحہ تھر کا ذمے دار بھی قرار دیا ہے۔ اس پر مخدوم خاندان کے مریدوں پر مشتمل سروری جماعت نے جوابی وار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تھر کی صورت حال کے ذمے دار مخدوم نہیں، بلکہ قائم علی شاہ ہیں۔ سروری جماعت کے مطابق مخدوم جمیل نے تھر میں فنڈز کی فراہمی کے لیے وزیراعلیٰ کو دو ماہ پہلے خط لکھا تھا، مگر وزیراعلیٰ نے جواب نہیں دیا۔ پھر تھر کے سابق ڈپٹی کمشنر مخدوم عقیل نے بھی تھر میں گندم بھیجنے کے لیے وزیراعلیٰ کو خط لکھا مگر وزیراعلیٰ نے اس کا بھی جواب نہیں دیا۔ سروری جماعت ہی کے ایما پر ہالا میں مظاہرہ بھی کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ سروری جماعت کے سربراہ مخدوم سعید الزماں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ استعفیٰ دیں، جبکہ وزیراعلیٰ نے یہ مطالبہ مسترد کر دیا۔ مخدوم امین فہیم کا یہ بیان بھی سامنے آیا کہ میرا بیٹا وزیر تو ہے لیکن بے اختیار ہے۔ فنکشنل لیگ کے پیر پگارا نے بھی اس صورت حال میں اپنے سیاسی پتے آزمانے کا فیصلہ کیا۔ وہ فی الفور مخدوم امین فہیم کے گھر پہنچ گئے۔ پیر پگارا اور مخدوم خاندان کی دوستی بہت پرانی ہے۔ سن نوے کی دہائی میں مخدوم خلیق اور مخدوم رفیق فنکشنل لیگ کی راہوں سے گزرتے ہوئے اقتدار کے ایوانوں تک پہنچے تھے۔ لیکن مخدوم امین فہیم نے پیپلز پارٹی سے اپنا تعلق برقرار رکھا تھا۔ بڑے مخدوم وزارت عظمیٰ کا منصب نہ ملنے پر پہلے بھی پیپلز پارٹی سے ناراض ہو چکے ہیں۔ دیکھیے اس مرتبہ کیا ہوتا ہے۔