پاکستان
14 مارچ ، 2014

غداری کیس میں پرویزمشرف پر آج فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان

غداری کیس میں پرویزمشرف پر آج فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان

اسلام آباد…سنگین غداری کیس کی سماعت آج ہوگی، سماعت کے دوران پرویز مشرف پر فردجرم عائد کیے جانے کا امکان ہے ،سنگین غداری کیس کی 29ویں سماعت آج پھر ہو گی ۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں 3رکنی خصوصی عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے ملزم پرویز مشرف کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے رکھاہے۔گزشتہ سال 13دسمبر سے شروع ہونے والے سنگین غداری کیس میں عدالت ملزم پرویز مشرف کو 7مرتبہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے چکی ہے اور وہ صرف ایک مرتبہ 18فروری کو فوجی اسپتال سے عدالت میں پیش ہوئے تھے ۔ذرائع کے مطابق جمعرات کوآئی ایس آئی حکام نے خصوصی عدالت کے ججز کو سندھ ہاوٴس میں ان کیمرا بریفنگ میں بتایا کہ بعض ٹیلی فون کالز پکڑی گئی ہیں جن سے پتا چلا ہے کہ پرویز مشرف کی عدالت آمد کے موقع پر حملے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ بریفنگ سے پہلے جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت نے سابق فوجی حکمران کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ ملزم کی عدالت پیشی کا حکم برقرار ہے تاہم کسی وکیل کودلائل دینے کے لیے مجبور نہیں کر سکتے۔وکیل دفاع کی خواہش کے مطابق ملزم کی درخواستوں کوسماعت کے لئے مقرر کیا جائے گا۔ ملزم پرویز مشرف نے بیرون ملک جانے کی اجازت ، غداری کیس کی سماعت کا غیر معینہ مدت تک التوا ،3 نومبر کی ایمرجنسی کے نفاذ میں معاونین کے خلاف بھی آرٹیکل 6 کا مقدمہ چلانے اور پراسیکیوٹر اکرم شیخ کی تقرری کے خلاف متفرق درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

مزید خبریں :