28 مارچ ، 2014
پشاور…خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر سراج الحق نے کہا ہے کہ امن کی جانب سنجیدگی سے آگے بڑھنے کیلئے طالبان اور حکومت کو ایک دوسرے کے قیدی رہا کرنے ہوں گے،مذاکراتی عمل درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے،مذاکرات کو سنجیدگی سے آگے بڑھانے کا یہی راستہ ہے۔ پشاور میں جیونیوز سے بات چیت میں سراج الحق نے کہا کہ مذاکراتی عمل درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ان کاکہناتھا کہ طالبان اور حکومت کو امن کی جانب سنجیدگی سے آگے بڑھنے کے لئے ایک دوسرے کے قیدی رہا کرنا ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ دیامیراور ضلع کوہستان کے درمیان جگہ کا تنازع بھاشاڈیم کی تعمیر میں تاخیر کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلے کے حل کیلئے دونوں اطراف کے عمائدین پر مشتمل جرگہ کام کررہا ہے، وفاقی حکومت اس کی سپورٹ کرے تاکہ بھاشا ڈیم کی بروقت تعمیر ممکن ہو سکے۔