28 مارچ ، 2014
اسلام آباد…مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ امریکا نے ڈرون حملے روکنے کا اعلان نہیں کیا، فی الحال بند کردیے ہیں، امریکا پر پاکستان کے ساتھ عالمی برادری کا بھی بہت دباوٴ تھا۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف نے ڈرون حملے روکنے کیلئے صدر اوباما سے بات کی، نواز شریف نے امریکی صدر سے کہا تھا کہ اس سے فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہو رہا ہے۔ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ امریکا نے ہماری بات مانی اور ڈرون حملے روک دیے، ڈرون حملوں پر امریکا پر بین الاقوامی دباوٴ بھی تھا۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ یہ نہیں پتا کہ کب تک ڈرون حملہ نہیں ہوگا توقع ہے عنقریب نہیں ہوگا، 2010ء سے اب تک ڈرون حملوں میں متواتر کمی آرہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے ڈرون حملے روکنے کا اعلان نہیں کیا بس حملے فی الحال نہیں کیے جا رہے، ڈرون حملے کب تک نہیں ہوں گے فی الحال امریکی حکام نے نہیں بتایا، ڈرون حملے جہاں ہو رہے تھے وہاں بے گناہ لوگ ہوتے ہیں اور نقصان زیادہ ہوتا ہے۔