05 اپریل ، 2014
کابل…افغانستان میں صدارتی اور صوبائی کونسلوں کے انتخابات کے لیے ووٹنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھادیا گیا ہے۔ پرتشدد واقعات میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔افغانستان میں صدارتی اور صوبائی کونسلوں کے انتخابات کے لیے ووٹنگ صبح 7بجے شروع ہوئی جو چار بجے ختم ہونی تھی ،تاہم الیکشن کمیشن نے خراب موسم اور انتخابی عمل میں لوگوں کی بھرپور شرکت یقینی بنانے کے لیے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھادیا۔پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹروں کا رش رہا جن میں بڑی تعداد خواتین کی تھی۔ کئی پولنگ اسٹیشنوں پر بیلٹ پیپرز کم پڑ گئے۔ صدر حامد کر زئی نے کابل کے امانی ہائی اسکول پولنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈالا۔تین اہم صدارتی امیدواروں زلمے رسول، عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی نے بھی مختلف مقامات پر ووٹ ڈالے۔انتخابات میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تقریبا 4 لاکھ سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے۔تاہم بعض علاقوں میں تشدد کے واقعات بھی پیش آئے۔جنوبی شہر قلات میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے 2 پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔صوبہ لوگر میں پولنگ اسٹیشن کے قریب بم پھٹنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔فریاب صوبے میں پولیس نے ایک ممکنہ خودکش حملہ آور کو گرفتار کرلیا جو پولنگ اسٹیشن میں داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا۔ادھر وردک صوبے میں پولیس اور انٹیلی جینس کے پانچ اہلکار جعلی ووٹ ڈالتے ہوئے پکڑے گئے۔