پاکستان
05 اپریل ، 2014

عبد الرشید غازی قتل کیس ، مشرف کی حاضری سے استثناکی درخواست مسترد

عبد الرشید غازی قتل کیس ، مشرف کی حاضری سے استثناکی درخواست مسترد

اسلام آباد…عبد الرشید غازی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے مستقل استثناکی درخواست مسترد کر دی گئی ، عدالت نے 3 مئی کو طلب کر لیا، عبد الرشید غازی قتل کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے کی۔ سابق صدرپرویز مشرف کی جانب سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حاضری سے مستقل استثنا کی درخواست دائر کی گئی۔پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کو سیکیورٹی خدشات ہیں ، ان پر اسپتال سے فارم ہاوٴس منتقلی کے وقت بھی حملہ کیا گیامگر جیمر ڈیوائس کے باعث وہ بچ گئے اور دھماکا ان کا قافلہ گزرنے کے بعد ہوا۔ مقدمہ کے مدعی ہارون رشیدکے وکیل طارق اسد ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کو تو وزیر اعظم اور صدر سے زیادہ سیکیورٹی دی جا رہی ہے، ملزم کو سیکیورٹی اقدامات کر کے عدالت میں پیش کیا جا سکتا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ پرویز مشرف کا ٹرائل ہائی کورٹ بلڈنگ میں کر لیا جائے ۔عدالت نے پرویز مشرف کی حاضری سے مستقل استثنا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزم کو3 مئی کو طلب کر لیا ہے ۔

مزید خبریں :