14 اپریل ، 2014
اسلام آباد…اسلام آباد ہائی کورٹ نے 25وفاقی وزراء ، وزرائے مملکت اور قومی اداروں کے سربراہان کی تقرری کے خلاف درخواست پر وزیراعظم ، سیکرٹری کابینہ اور چاروں صوبائی سیکرٹریز سمیت تمام فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد خان نے ایک شہری بیرسٹر ضمیر حسین کی جانب سے دائر کو وارنٹو کی رٹ پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ مشترکا مفادات کونسل کے دائرہ کار میں آنے والے معاملات وزارتوں اور اداروں کو سونپنا غیر آئینی اقدام ہے۔ درخواست میں خواجہ محمد آصف، عابد شیر علی، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، اسحاق ڈار، چودھری نثار ، انوشہ رحمان، مریم نواز اور انور بیگ سمیت دیگر کی تقرری کو چیلنج کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عدالت فریقین سے پوچھے کہ وہ کس قانون کے تحت اس عہدے پر کام کر رہے ہیں۔ عدالت نے فریقین کو کام سے رونے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تمام حکومت کو کام سے نہیں روکا جا سکتا۔ فریقین کو جواب داخل کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی گئی۔