14 اپریل ، 2014
اسلام آباد…سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کل سے دوبارہ شروع ہو رہی ہے ۔ خصوصی عدالت نیشنل لائبریری کی بجائے اب وفاقی شرعی عدالت کے کمرہ نمبر 6 میں منتقل ہو چکی ہے۔جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس یاور علی خان پر مشتمل خصوصی عدالت نے سنگیں غداری کیس کی گزشتہ سماعت 31مارچ کو کی تھی۔ اسی روز ملزم پرویز مشرف پر خصوصی عدالت کی بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خاتون جج جسٹس طاہرہ صفدر نے آئین کی پامالی کے 5 جرائم کی فرد جرم پڑھی تھی جب کہ ملزم پرویز مشرف نے تمام جرائم کی صحت جرم سے انکار کیا تھا۔خصوصی عدالت نے نیشنل لائبریری کے آڈیٹوریم میں تقریبا ًتین ماہ تک کیس ی سماعت کی تاہم فرد جرم عائد ہونے کے بعد وزارت قانون نے مختلف وجوہات کی بنا پر خصوصی عدالت کی جگہ تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور اب یہ وفاقی شرعی عدالت کے کمرہ نمبر 6 میں سماعت کرے گی۔