پاکستان
15 اپریل ، 2014

لاپتہ کارکنوں کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں متحدہ کا احتجاج

لاپتہ کارکنوں کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں متحدہ کا احتجاج

کراچی…سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم نے اپنے کارکنان کی ماورائے عدالت کلنگ اورماورائے قانون گرفتاریوں کے خلاف تحریک التواء پیش کرتے ہوئے اپنے پانچ لاپتہ کارکنان کی حراست کے بارے میں معلو مات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کی زیر صدرات ہونے والے اجلاس میں ایم کے ایم کے رکن صوبائی اسمبلی محمد حسین نے کارکنان کی ماورائے عدالت کلنگ اورماورائے قانون گرفتاریوں کے خلاف نے تحریک التواء پیش کی۔ اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے ایوان میں کہا کہ ایم کیو ایم کے پانچ لاپتہ کارکنان کی حراست کے بارے میں بتانے کا کہا گیا تھا۔چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود نہیں بتایا گیا۔اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ہرکلنگ پرافسوس ہے چاہے ٹارگٹ کلنگ ہویا ماورائے عدالت،کلنگ کے جن واقعات پرتحریک لائی گئی ہے اسے کس طرح ثابت کیا جائے گا یہ ماورائے عدالت قتل ہے۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ آپریشن کے کپتان وزیراعلیٰ سندھ ہیں،ان کی کیپٹن شپ کا مذاق اڑایا جارہا ہے جس طرح کارکنا ن لاپتہ ہورہے ہیں لگتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے وزیراعلیٰ سندھ سے زیادہ طاقتورہیں۔

مزید خبریں :