17 اپریل ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے تحت کراچی پریس کلب پراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سادہ لباس اہلکاروں پرصوبائی حکومت ،افواج اور پولیس بے بس ہے توہمیں بتائیں پھرہم ہوں گے اورسادہ لباس اہلکار۔ انہوں نے کہا کہ آج کا مظاہرہ ٹریلر ہے، آیندہ چلنے والی فلم کااندازہ لگایاجاسکتا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ نے کارکنوں کے ما ورائے عدالت قتل ، ان کی سادہ لباس اہل کاروں کے ہاتھوں گرفتاری اور لاپتاہونے اور کراچی میں ڈاکٹرز ، انجینیرزسمیت باصلاحیت افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔شرکاء سے خطاب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی روکی جائے،یہ ایم کیوایم کامطالبہ بھی ہے اورانتباہ بھی۔ایم کیوایم کے رہنماحیدر عباس رضوی نے سوال کیا کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس کیسا قانون ہے جو لاقانونیت پھیلارہا ہے۔ ایم کیوایم کے رہنماخواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھاکہ اگر کوئی مجرم ہے تو عدالتوں میں پیش کیا جائے لاپتایا ماورائے عدالت قتل نہ کیے جائیں ۔ مظاہرے میں لاپتا اور ما ورائے عدالت قتل ہونے والے کارکنوں کے گھروالوں نے بھی شرکت کی۔ خواتین اور بچوں نے زارو قطار رو کر مطالبہ کیا کہ ان کے پیاروں کو جلداز جلد بازیاب کرایا جائے۔