پاکستان
21 اپریل ، 2014

حامد میر پر قاتلانہ حملے کیخلاف نیشنل پریس کلب میں مذمتی اجلاس

حامد میر پر قاتلانہ حملے کیخلاف نیشنل پریس کلب میں مذمتی اجلاس

اسلام آباد… جیو نیوز کے سینئر اینکر پرسن حامد میر پر قاتلانہ حملے کے خلاف نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں مذمتی اجلاس ہوا جس کے بعد احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔صحافی رہ نماوٴں نے بعض صحافتی اداروں کی جانب سے حامد میر کی کردار کشی کی شدید مذمت کرتے ہوئے احتجاجی خط لکھنے کا اعلان کیا۔ حامد میر پر قاتلانہ حملے کے خلاف پی ایف یو جے،آر آئی یو جے اور نیشنل پریس کلب کا مشترکہ اجلاس اسلام آباد میں ہواجس میں سینئر صحافیوں نے بھی شرکت کی۔بیورو چیف جیو نیوز اسلام آباد رانا جواد اور سینئر اینکرز سلیم صافی اور مشتاق منہاس نے حامد میر کی کردار کشی کو شرم ناک قرار دیا۔صحافی رہ نماوٴں کا کہنا تھا کہ حامد میر بلا تفریق ہر صحافی کیلئے آواز بلند کرتے رہے،ان پر تنقید کرنے والوں کو صحافی کہنا صحافیوں کی توہین ہے۔ اس موقع پر حامد میر کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔بعد میں حامد میر سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مسلم لیگ ن کے ترجمان بھی شریک ہوئے۔ صحافیوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر حامد میر سے اظہار یکجہتی اور حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

مزید خبریں :