پاکستان
26 اپریل ، 2014

پی آئی اے کی بریڈ فورڈ ، اسلام آبادبراہ راست پرواز بند

پی آئی اے کی بریڈ فورڈ ، اسلام آبادبراہ راست پرواز بند

کراچی… محمد رفیق مانگٹ…برطانوی اخبار”یارک شائر ایوننگ پوسٹ“کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے)نے لیڈز سے اسلام آباد کے لئے براہ راست پروازوں کو بند کردیا ۔رپورٹ کے مطابق پی آئی اے نے لیڈز بریڈ فورڈ ایئر پورٹ سے اسلام آباد کیلئے شیڈول پروازوں کو ڈراپ کردیا ہے۔اگلے ماہ سے مانچسٹر کی طرف پروازوں کی تبدیلی کے فیصلے سے یار کشائر سے برصغیر کے لئے کوئی بھی براہ راست فضائی سروس نہیں ہو گی۔اس ماہ کے اوائل میں ہی مسافروں کو اس فیصلے کے متعلق آگاہ کردیا گیا کہ لیڈز سے دو مرتبہ ہفتہ وار ٹکٹ کی دستیابی نہیں ہو گی۔ لیڈز بریڈفورڈ ایئرپورٹ (ایل بی اے ) میں ہوا بازی کی ترقی اور مارکیٹنگ ڈائریکٹر ٹونی ہال ووڈ نے اس فیصلے کو” مایوس کن “ قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں علاقائی پاکستانی اور کشمیری کیمونٹی کو مقامی اور براہ راست اسلام آباد سے فضائی لنک سے محروم کردیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 12 ماہ میں بریڈفورڈ اور لیڈز شہر کے علاقے سے پی آئی اے کے مسافروں میں30 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے اور صرف گزشتہ ماہ ایل بی اے کی طرف سے ایئر لائن سے مسافروں کے نمایاں اضافے کی مانگ کو پورا کرنے کے لئے اپنی سروس کو بڑھانے پر مذاکرات کیے گئے کہ یا تو اضافی فریکوئنسی کو متعارف کرائے یا بڑے-200 B777 آپریشن فراہم کرے۔ رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی 2008سے لیڈز سے سروس کے آغاز سے اب تک دو لاکھ مسافر بریڈفورڈ ایئر پورٹ سے پاکستان کافضائی سفر کرچکے ہیں۔ جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ویسٹ یارکشائر سے پاکستان کا فضائی سروس برقرار رہنی چاہیے۔ ایل بی اے پہلے ہی پی آئی اے سے اس فیصلے کو ریورس کرنے کے لئے سخت کوشش میں ہے۔جس کے لئے خطے میں مقامی رہنما اور کمیونٹی رہنماوٴں کی طرف سے حمایت کی جا رہی ہیں۔پی آئی اے کی لیڈز سے پاکستان کے لئے 2008سے سروس کا آغاز کیا گیا اور ہوائی اڈے کی طرف سے ایک بڑی کامیابی کے طور پر پی آئی اے کی تعریف کی گئی۔لیکن جنوری میں لیڈز ٹرمینل کے ذریعے پی آئی اے فضائی اسٹیوارڈ کوہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش میں پانچ سال کے لئے جیل بھیج دیا گیااور گذشتہ نومبر میں پی آئی اے کے55سالہ پائلٹ عرفان فیض کو مئے نوشی کے الزام میں نو ماہ کے لئے جیل بھج دیا گیا۔

مزید خبریں :