27 اپریل ، 2014
لندن…متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کو مخاطب کر تے ہوئے انتہائی التجائیہ لہجے میں پاکستان کی بقاء و سلامتی کے نام پر پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا!! پاکستان کے بڑے ذمہ دار کی حیثیت سے وہ ملک وقوم کو درپیش بحران سے نکالنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ میاں محمد نواز شریف ، پاکستان کے ایک بڑے عہدے پر فائز ہیں، پاکستان اس وقت بیرونی خطرات سے زیادہ جن اندرونی وداخلی انتشار کا شکار ہے اس صورتحال میں انہیں وقت ضائع کئے بغیر قومی اسمبلی اورسینیٹ میں پیش ہوکر یا آل پارٹیز کانفرنس بلاکر ملک کو داخلی خلفشار سے نکالنے کیلئے فوری مداخلت کرنی چاہیے ۔ الطا ف حسین نے کہاکہ میں باربار کہہ رہا ہوں کہ میاں نوازشریف، وزیر اعظم پاکستان ہیں، اس اعتبار سے ان کا شمار ملک کی سب زیادہ اہم عہدے پر فائز ذمہ دار شخصیات میں ہوتا ہے لہٰذا انہیں بڑے پن اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ،وزیراعظم اس موقع پر قوم کو تنہا نہ چھوڑیں، آگے بڑھ کر قوم کی رہنمائی کریں ، اسے راستہ دکھا ئیں اور ملک میں اداروں کے درمیان جو سرد وگرم جنگ جاری ہے اس کا خاتمہ کرائیں۔ الطا ف حسین نے کہاکہ ملک میں جمہوریت بڑی قربانیوں کے بعدآئی ہے، اگرخدانخواستہ جمہوریت کوکوئی نقصان پہنچتاہے تواس کی ذمہ داری ہم سب پرعائدہوگی۔ ہمارا ملک پاکستان پہلے ہی انتہائی کمزور بیساکھیوں پر کھڑا ہے ،اس وقت ملک قومی یکجہتی ، اتحاد واتفاق اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کامتقاضی ہے ۔ الطاف حسین نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم محمد نوا زشریف او ران کے رفقاء ہنگامی بنیادوں پرمیر ی بیان کردہ تجاویز پرغورکریں گے اورایک بڑے اور انتہائی ذمہ دار فرداور ملک کی حکمراں جماعت کی حیثیت سے ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے ۔