پاکستان
27 اپریل ، 2014

ہاکی کمنٹیٹرایس ایم نقی کے انتقال پر الطاف حسینکی تعزیت

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے ہاکی کے معروف کمنٹیٹر شیخ محمد نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے مرحوم کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ محمد نقی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا ، انھوں نے ہر کڑے میچ میں اپنی آواز کے ذریعے قومی ٹیم کے حوصلوں اور جذبوں میں اضافہ کیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیو ایم کے تمام کارکنان مرحوم ایس ایم نقی کی مغفرت کے لیے دعا گو ہیں اور تمام سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انھوں نے ایس ایم نقی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ ربالعزت مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت و توفیق دے ۔دریں اثناء پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نائب صدر و کراچی ہاکی ایسوسی ایشن(کے ایچ اے ) کے صدر محمد واسع جلیل ،سیکریٹری کے ایچ اے فاروق احمد اور کے ایچ اے کے اراکین نے معروف ہاکی کمنٹیٹر شیخ محمدنقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک مشتر کہ بیان میں محمد واسع جلیل اورکے ایچ اے کے اراکین نے کہاکہ ایس ایم نقی نے ہاکی کی کمنٹری میں جو اہم کردار ادا کیا اسے قومی کھیل کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔ واسع جلیل اور کمیٹی کے ارکان نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ رب العزت مرحوم کی مغفرت فرما کر انکے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کر نے کا حوصلہ عطا کرے ۔(آمین )

مزید خبریں :