28 اپریل ، 2014
کراچی.......ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات نعمان احسن کے اعلامیے کے مطابق نویں دسویں جماعتوں کے دوسرے مرحلے میں سالانہ عملی امتحانات آج 28اپریل 2014سے شروع ہوگئے۔ جن میں نویں و دسویں جماعت،سائنس و جنرل گروپ ، ریگولر امیدواروں اور سابقہ امیدوار ایڈیشنل، امپرومنٹ آف گریڈ، دس پرچہ جات اور دیگر بورڈز سے آئے ہوئے شرکت کے اہل ہوں گے۔چیئرمین میٹرک بورڈ فصیح الدین خان نے بورڈ سے الحاق شدہ تما م اسکولوں کے سربراہان کو سخت ہدایات دی ہیں کہ وہ عملی امتحانات کے انعقاد کو شفاف بنائیں اور طلبا ء کو لیب میں عملی امتحان کے حوالے سے تمام سہولتیں بہم پہچائی جائیں۔خاص طور پر طلباء طالبات کے عملی امتحان کے جرنلز دورانِ امتحان موجود ہونے چاہئیں۔ ہیڈ، ایڈیشنل ہیڈ ،ڈپٹی ہیڈ اور ناظم امتحانات کسی بھی وقت عملی امتحان کے دن اچانک دورہ کریں گے۔ لہٰذا تمام اسکولوں کے سربراہان سے التماس ہے کہ دوران عملی امتحان جرنلز اور لیب میں متعلقہ سامان کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔