Geo News
Geo News

پاکستان
04 مئی ، 2014

پی ایف یو جے کی تین روزہ کانفرنس ،آزادی صحافت کے حق میں قرار داد منظور

لاہور…پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی فیڈرل ایگزیکٹو کونسل کی تین روزہ کانفرنس کے اختتامی سیشن میں آزادی صحافت کے حق میں قرار داد منظور کر لی گئی،حامد میر ،جنگ اور جیو کے ساتھ اظہار یکجہتی کیساتھ صحافتی اداروں کو غدار قرار دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی،کانفرنس کے اختتام پر پی ایف یو جے کے نائب صدر شمیم شاہد نے قرارداد پیش کی،قرار داد میں حامد میر پر قاتلانہ حملے،جنگ اور جیو کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی شدید مذمت اور حملے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا،قرار داد میں کہا گیا کہ جنگ اور جیو پر غداری کا الزام دراصل اس کے ہزاروں کارکن صحافیوں کو غدار کہنے کے مترادف ہے جو کسی طورقابل قبول نہیں ،پی ایف یو جے کے صدر رانا عظیم کا کہنا تھا کہ جنگ ،جیو کی بندش اور صحافیوں کو بیروزگار کرنے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا،اجلاس میں حامد میر پر حملے کی صاف،شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا،اجلاس میں شریک ملک بھر سے آئے صحافیوں کی جانب سے آزادی صحافت کے تحفظ کے ساتھ صحافیوں اور کارکنوں کی ملازمتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم دہرایا گیا ۔جنگ اور جیو کی بندش کو کسی طور بھی درست نہیں سمجھتے ،ایسا ہوا تو آخری دم تک آزادی صحافت کے لیے جدوجہد کرینگے ،پیمرا کا کردار کسی ڈمی سے کم نہیں ،جنگ اور جیو پر عمران کی تنقید سمجھ سے بالا ہے،ان خیالات کا اظہار ملک بھر سے لاہور آئے ہوئے سینئر صحافیوں نے کیا۔ ان صحافی رہنماؤں نے کہا کہ جنگ اور جیو پر غداری کا الزام لگا کر کارروائی کرنا نا مناسب اقدام ہے۔”غداری کا مقدمہ تو چل ہی نہیں سکتا،کس بات کی غداری، مقدمہ ان پر چلائیں جنہوں نے ملک کو نقصان پہنچایا۔”غداری کا مقدمہ کسی چینل یا اخبار کے خلاف نہیں چلایا جا سکتا،اگر کسی کے خلاف کوئی الزام ہے تو مروجہ قوانین کے تحت کاروائی ہونی چاہئے۔جنگ اور جیو کی بندش کی باتوں پر سینئر صحافی پیمرا کے کردار سے مایوس نظر آئے۔

مزید خبریں :