05 مئی ، 2014
اسلام آباد…وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کسی سندھی پختون یا بلوچی کو چور نہیں کہا، صرف چور کو چور کہا۔ ان کاکہناہے کہ آج جن کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہی ہیں، انہوں نے پاور سیکٹر کی بہتری کیلئے سوائے کرپشن اور کمیشن کے کچھ نہیں کیا۔ اسلام آبادمیں نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے دورے کے موقع پر نیوز کانفرنس میں عابد شیر علی نے کہا کہ ان کاکہناصرف یہ ہے کہ ”پیسے دوبجلی لو“، لوڈشیڈنگ کے صرف وعدے نہیں کیے عملی اقدامات بھی جاری ہیں،آج لوگوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہی ہے، تقریریں کرتے ہیں کہ آپ نے وعدہ کیا تھا، آپ پانچ پانچ سال حکومتوں میں رہے آپ نے کیا کیا؟ سوائے اندھیروں میں دھکیلنے کے، کرپشن کی اور کک بیکس لیے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ دھاندلی کا الزام لگانے والے عمران خان خفا نہ ہوں نواز شریف کو عوام کی خدمت سے کوئی نہیں روک سکتا۔ آپ کے ایک ایک پولنگ ایجنٹ کے دستخط موجود ہیں، آپ کے ووٹوں کا فرق ہی بہت زیادہ ہے، چیلنج کرتا ہوں میرے حلقے میں چیک کروا لیں۔ اتفاق گروپ آف کمپنیز کے ذمہ بقایا جات سے متعلق ایک سوال پر عابد شیر علی نے کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے، ان سے یہ سوال بلاول بھٹونے بھی ٹوئٹر پر پوچھا تھا، عابد شیر علی ہمیشہ میرٹ کی بات کر تا ہے ، میں بلاول کو یہی کہوں گا کہ میرے چھوٹے بھائی، چھوٹے ہیں، ابھی بہتر ہے کہ نیشنل ایشوز اور لیڈر شپ پر بات کرنے سے قبل پہلے گھر پر مشاورت کر لیا کریں۔عابد شیر علی نے بتایا کہ وزیر اعظم آئندہ چند ماہ کے دوران پن بجلی سمیت کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے متعدد بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، تین چار سالوں میں پاکستان کو بجلی میں خود کفیل بنا دیں گے۔