08 مئی ، 2014
کراچی…کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس افسر کے بیٹے نے گھر میں گھس کر پولیس محافظوں کے ساتھ فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کردیا،،بنگلے کے محافظوں کی جوابی کارروائی میں حملہ آور نوجوان زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا،جبکہ حملے میں ملوث ایک پولیس اہلکار مارا گیا اور ایک زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے خیابان شمشیرمیں اسڑیٹ نمبر 30 پر 19 سالہ سلیمان لاشاری کے بنگلے میں اس کا دوست اور پولیس کے ایس پی سرور ابڑو کا بیٹا سلمان ابڑو اپنے محافظوں کے ہمراہ آیا اور اس نے گھر میں جاکر سلیمان لاشاری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا،جس کے بعد سلیمان لاشاری کے محافظ جو گیٹ پر تعینات تھے انھوں نے فائرنگ کرتے ہوئے سلمان ابڑو کو بھی گولی مار کر زخمی کردیا، حملہ آوروں میں آنے والا پولیس اہلکار ظہیر بھی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا اور ایک پولیس اہلکار عمران زخمی ہوا، علی غلام نامی شخص بھی گولیوں کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔ ایس ایس پی ساوٴتھ اور ایس پی کلفٹن عبادت نثار کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، تاہم واقعہ جھگڑے کا شاخسانہ لگتا ہے۔ پولیس نے مقتول سلمان لاشاری کے گھر میں گھس کر حملہ کرنے والے سلمان ابڑو کو کلفٹن میں واقع ضیاالدین اسپتال سے نفری لگاکر گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم کی ریڑھ کی ہڈی میں گولی لگی ہے اور وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔ حملے میں سکرنڈ پولیس سے وابستہ 4 پولیس اہلکاروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ حملے میں استعمال ہونے والی ایک بلیک ویگو کو تحویل میں لے لیا گیا ہے،،مرنے والے پولیس اہلکار ظہیر اور سلیمان لاشاری کی لاشوں کو پولیس کارروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔