09 اپریل ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاچن میں ناگہانی آفت کا شکار مسلح افواج کے افسران وجوانوں کی زندگی کے تحفظ کیلئے خصوصی دعا کریں۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ پاک فوج کے پرعزم اور بہادر جوان کوہ ہمالیہ کے بلند ترین پہاڑوں اور سردترین موسم میں بھی ملک وقوم کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں اور اپنی جانیں ہتھیلی پررکھ کر وطن عزیز کی حفاظت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں برفانی تودہ گرنے کے سبب سوسے زائد فوجی افسران وجوان ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور ان کو باحفاظت نکالنے کیلئے مسلح افواج ،موسم کی سختیوں اوردشوارگزار مراحل کا مقابلہ کررہی ہے۔ آزمائش کی اس گھڑی میں پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے اور ان کیلئے دعا گو ہے ۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ناگہانی آفت کا شکار مسلح افواج کے افسران وجوانوں کو اپنی حفظ وامان میں رکھے اوروطن عزیز کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھنے والے مسلح افواج کے جوانوں کومزید ہمت وحوصلہ عطا فرمائے۔ الطاف حسین نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اللہ تعالیٰ کے حضورسیاچن کے بلند ترین پہاڑوں میں برفانی تودے کے ملبے تلے دبے ہوئے فوجی جوانوں کی باحفاظت واپسی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔